حکومت کا ایک اور یو ٹرن: شہبازشریف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سربراہ ہوں گے


اپوزیشن اور حکومت میں پی اے سی کے چیئرمین شپ کے بارے میں جاری بحث کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف نے ایک اور بڑا یو ٹرن لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق معروف صحافی خاور گھمن نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مجھ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے کئے جانے والے اخراجات کے موثر احتساب کے لئے پبلک اکاونٹس کمیٹی (پی سی اے) کی صدارت اپنے پاس رکھے ، اب مصدقہ اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ حکومت کی جانب سے فیصلہ بدلایا جائے گا۔

اس حوالے سے انہوں نے دوسری ٹویٹ کرتے ہوئے کہاکہ آج وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے صحافیوں میں میں بھی شامل تھا ،اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے بھی کہا تھا کہ حکومت پبلک اکاونٹس کمیٹی (پی اے سی )کی صدارت کرے گی، کیونکہ اس کے نتیجے میں پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اخراجات کی جانچ پڑتال کرنے میں آسانی ہو گی۔

تازی ترین اطلاعات کے مطابق برسراقتدار جماعت نے پارٹی ارکان کے تحفظات کے باوجود پبلک اکاونٹس کمیٹی(پی اے سی) اپوزیشن کو دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے چیئرمین حزب اختلاف کے سربراہ شہباز شریف ہوں گے۔ منگل کے روز اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماوں کا اجلاس ہوا جس میں پی اے سی اور قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل اور پارلیمانی کارروائی پر مشاورت کی گئی۔اجلاس میں کمیٹیوں کے پرانے کوٹے اور طریقہ کار کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت اپوزیشن کو 16 اور حکومت کو 17 قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی ملے گی۔ حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ن کو 9، پاکستان پیپلز پارٹی کو 6 اورمتحدہ مجلس عمل(ایم ایم اے)کو ایک قائمہ کمیٹی کی سربراہی ملے گی۔ حکومتی فیصلہ کے بعد قائمہ کمیٹیوں کا نوٹیفکیشن آئندہ تین روز میں جاری کردیا جائے گا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے تصدیق کی ہے کہ پبلک اکاونٹس کمیٹی کے سربراہ شہباز شریف ہوں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).