ایک دل کش، دل فریب بنگالی حسینہ


وہ خوب صورت بنگالی لڑکی اب اس دنیا میں موجود نہیں، جو تھوڑی سی سانولی تھی جس کی آنکھوں میں کاجل لگا ہوتا تھا، جس کے بال ہمیشہ بندھے ہوتے تھے؛ اور ساڑھی اس کے تن پر موجود رہتی تھی۔ میں بات اس ادکارہ کی کر رہا ہوں جس کے انتقال کی خبر 9 جولائی 2017 کو بریک کرتے ہوئے بھارتی میڈیا نے رسمی طور پر بس سرسری یہ بتایا تھا، کہ امیتابھ بچن کی فلم ’’آنند‘‘ کی ہیروئن سمیتا سنیال 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
سمیتا سنیال کلکتہ کی بنگالی فلم انڈسٹری کی نام ور اداکارہ تھیں، لیکن بالی وُڈ میں بھی چار بڑی فلموں کے ذریعے انھوں نے تمام بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کیا، لیکن بھارت کے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا نے بہت ہی اختصار سے اس خبر کا ذکر کرتے ہوئے اپنی جان چھڑا لی۔ بالی وُڈ کے تمام سینیئر اداکاروں اور ادکاراوں نے سمیتا سنیال کے انتقال پر مکمل خاموشی اختیار کی۔
سمیتا سنیال، امیتابھ بچن کے ساتھ، فلم ’’آنند‘‘ میں
ونود کھنہ کے انتقال پر تو رشی کپور نے غصے میں نئی نسل کے اداکاروں ڈانٹتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹیوں میں مصروف ان نئے اداکاروں سے اب مجھے امید نہیں کہ میں جب مروں گا، تو یہ مجھے بھی کندھا دینے نہیں آئیں گے۔ لیکن رشی کپور نے کبھی اپنے دور کے ان سینئر اداکاروں کی کبھی سرزنش نہیں کی، جو اپنے ساتھی اداکاروں کے آخری رسومات میں شرکت کرنا تو دور، بلکہ اے سی روم میں بیٹھ کر ٹویٹر پر یہ تک نہیں لکھتے کہ آج میں اپنے بہترین دوست سے محروم ہو گیا ہوں۔
بالی وُڈ کے گاڈ فادر کہلانے والے امیتابھ بچن نے اپنی پہلی کام یاب فلم ’’آنند‘‘ کی ہیروئن سمیتا سنیال کو الوداع کہنے کے لیے ٹویٹر پر ایک جملہ تک نہیں لکھا۔ البتہ وہ وہ نئے اداکاروں کو بالی وُڈ میں ویل کم کہنے میں مصروف رہے۔ امر سندر سمیتا سنیال، امیتابھ بچن کے لیے کیوں اہم ہوں گی، اب تو وہ نئے زمانے کے ساتھ چل رہے ہیں۔ ماضی سے اب اُن کا کیا واسطہ؟
سمیتا سنیال، سنجیو کمار کے ساتھ
سمیتا سنیال کے انتقال کے وقت فلم “آنند” کا آنند راجیش کھنہ نہیں تھے،ورنہ وہ سمیتا سنیال کے غم میں ایک جام ضرور لیتے۔ سمیتا سنیال کے تمام ساتھی اداکاروں کو ان کی خاموشی پر خوب برا بھلا  کہتے۔ ونود کھنہ بھی تب نہیں تھے ورنہ وہ کہتے فلم “میرے اپنے” میں سمیتا سنیال نے اتنی اپنائیت سے نوازا تھا، کہ اج میں اسی اپنائیت کی وجہ سے ٹوٹ گیا ہوں۔ مینا کماری بھی تو نہیں تھیں، ورنہ وہ کہتیں، سمیتا سنیال جس نے ہمیشہ اچھے کردار ادا کیے، لیکن فلم “میرے اپنے” میں جب اسے اس کے کردار کے مطابق کہا گیا، کہ تم مینا کماری کو گھر سے باہر نکالنا ہے، تو اس نے گھبراتے ہوئے کہا۔ ’’نہیں نہیں۔۔۔ یہ تو مجھ سے بالکل بھی نہیں ہو گا‘‘۔
تب بنگالی فلم انڈسٹری کے دلیپ کمار کہلانے والے ادکار اُتم کمار بھی نہیں تھے، ورنہ وہ میڈیا سے کہتے، ’’میری انکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیا ہے، فی الحال مجھے اکیلا چھوڑ دیں، میں بعد میں اپ لوگوں کو خود بلا لوں گا‘‘۔
تب سنجیو کمار بھی تو نہیں تھے ورنہ وہ کہتے ’’فلم اشیرواد میں جانے کیوں میں سمیتا سنیال سے بہت متاثر ہوا تھا۔ وہ جب بات کرتی تھی تو میں اس کا منہ تکتا رہ جاتا تھا۔ وہ ہر بات خوب صورت لہجے اور بہت سلیقے سے کیا کرتی تھیں؛ وہ سندرتا کی مورت تھیں‘‘۔
تب بنگالی فلموں کے ڈیوڈ لین کہلانے والے آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ڈائریکٹر ستیہ جیت رے بھی زندہ نہیں تھے، ورنہ وہ کہتے، ’’سمیتا سنیال نے میری فلم نائک میں کام کر کے مجھے یہ اعزاز بخشا تھا، کہ میں نے بھی ان کے ساتھ کام کیا ہے‘‘۔
اور تب بالی وُڈ کے دادا کہلانے والے اشوک کمار بھی نہیں تھے، ورنہ وہ کہتے، ’’سمی جیسی میچور بچی میں نے آج تک نہیں دیکھی‘‘۔
سمیتا سنیال کو ان کے زندہ ساتھی اداکاروں میں سے اگر کسی نے یاد کیا ہے تو وہ اٹھاسی سالہ رمیش دیو تھے، جنھوں نے نم آنکھوں سے اپنی بہترین ﺳﺎﺗﮭﯽ ﺍداکارہ کو یاد کرتے ہوئے کہا۔
’’مجھے یاد ہے، کہ سمیتا سنیال ہم سب کے لیے کھانا بنا کے لاتی تھیں؛ وہ وقت کی بہت پا بند تھیں؛ ہمیشہ شوٹنگ پر وقت سے پہلے پہنچ جایا کرتیں‘‘۔

سمیتا سنیال کا جنم نو اکتوبر 1945 کو دارجلنگ میں ہوا تھا۔ والدین نے ان کا نام منجولا سنیال رکھا تھا، لیکن فلمی دُنیا میں انھوں نے سمیتا سنیال نام سے اپنی پہچان بنائی۔ سمیتا سنیال نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1960 میں کیا تھا۔ در اصل وہ بنگالی فلموں کی اداکارہ تھیں، لیکن ہندی فلموں میں بھی انھوں نے کئی یادگار کردار نباہے۔ سمیتا سنیال کو شہرت بنگالی فلم ‘‘کوہیلی‘‘ سے ملی، جس میں اُن کے ساتھ بسوا جیت نے کام کیا۔ ستیہ جیت رے کی مشہور فلم ’’نائک‘‘ میں سمیتا سنیال نے اُتم کمار کے ساتھ کام کیا۔ اس فلم میں اُن کا کردار مختصر لیکن نہایت جان دار ہے۔ اسی فلم میں ان کی اداکاری کو بہت سراہا گیا۔

فلم ’’سگینا مہاتو‘‘ کے بنگالی ورژن 1970 میں، انھوں نے بالی وُڈ کے ٹریجڈی کنگ دلیپ کمار کے ساتھ کام کیا۔ 1968 میں سمیتا نے اپنی پہلی ہندی فلم ’’اشیر واد‘‘ میں سنجیو کمار کے ساتھ کام کیا؛ اس میں ان کے ساتھ اشوک کمار بھی ہیں۔ اس فلم میں سنجیو کمار اور سمیتا کی جوڑی کو بہت پسند کیا گیا۔ سمیتا نے 1971 میں تین ہندی فلموں ’’آنند‘‘، ’’گڈی‘‘، ’’میرے اپنے‘‘ میں کام کیا۔ بالی وُڈ میں ان کی سب سے اہم فلم “آنند” تھی، جس میں انھوں نے رینو کا یادگار کردار ادا کیا تھا، جسے دیکھ کر ہر سلجھے ہوئے انسان کا دل کر بیٹھتا ہے کہ اگر جیون کا ہم سفر رینو جیسی مل جائے تو بات ہی بن جائے۔

سمیتا سنیال، راجیش کھنہ کے ساتھ
فلم “آنند” بمل رائے کے شاگرد ہریکیش مکھر جی نے بنائی تھی؛ آنند کی کاسٹ میں راجیش کھنہ، امیتابھ بچن، رمیش دیو اور ان کی اہلیہ سیما دیو شامل تھے۔ آنند کے بعد انھوں نے ’’گڈی‘‘ میں دھرمیندر اور جیا بچن کے ساتھ کام کیا۔ اس کے بعد انھوں نے گلزار کی یادگار فلم “میرے اپنے” میں مینا کماری، ونود کھنہ، رمیش دیو کے ساتھ کام کیا۔
سمیتا سنیال نے ٹیلی ویژن اور اسٹیج پر بھی کام کیا۔ انھوں نے مشہور فلم ایڈیٹر سبدھ رائے سے شادی کی تھی، ان سے ان کا ایک بیٹا ہے۔ بہت کم لوگوں کو معلوم ہو گا، وہ انقلابی نکسلسٹ لیڈر کنو سنیال کی بہن تھیں۔ سمیتا سنیال نے بہت کم کام کیا، لیکن جس سلیقے کے ساتھ انھوں نے کام کیا، اس کی مثال بنگلا اور ہندی سینما میں بہت کم دیکھنے کو ملتی ہے۔

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).