بالی وڈ: ’فلم میں ماں کو کھڑکی سے پھینکنے پر عالیہ بھٹ کی والد سے لڑائی‘


عالیہ بھٹ

بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ پہلی مرتبہ اپنے والد اور ہدایت کار مہیش بھٹ کے ساتھ کام کرنے جا رہی ہیں۔

مہیش بھٹ نے حال ہی میں اعلان کیا کہ وہ سنہ 1991 میں ریلیز ہونے والی اپنی ہی فلم ‘سڑک’ کی سیکوئیل بنائیں گے جس میں ان کی بیٹیاں عالیہ بھٹ اور پوجا بھٹ ہوں گی۔

اس فلم کے بارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عالیہ بھٹ نے ‘سڑک’ کا وہ منظر یاد کیا جب ان کی ماں سونی رازدان کو کھڑکی سے باہر پھینک دیا گیا تھا۔

عالیہ بھٹ نے بتایا کہ جب انھوں نے وہ فلم دیکھی اس وقت وہ بہت چھوٹی تھیں۔

انھوں نے کہا کہ ‘میں یہ دیکھ کر صدمے میں تھی کہ میری ماں کو کھڑکی سے نیچے پھینک دیا گیا۔ میں نے اسی وقت فلم کو وہاں روک کر غصے میں اپنے پاپا سے سوال کیا کہ وہ ایسا کیسے کر سکتے ہیں؟ لیکن اس وقت مجھے اتنی سمجھ نہیں تھی کہ وہ صرف ایک سین تھا جس کا سچ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔’

مہیش بھٹ کی نئی فلم ‘سڑک’ میں عالیہ بھٹ اور پوجا بھٹ کے علاوہ اداکار سنجے دت اور آدتیہ رائے کپور بھی دکھائی دیں گے۔

سنجے دت نے پہلے آنے والی ‘سڑک’ میں بھی پوجا بھٹ کے ساتھ لیڈ کردار ادا کیا تھا۔ 20 ستمبر کو مہیش بھٹ کی سالگرہ پر عالیہ بھٹ نے انسٹاگرام پر ایک پیغام میں ‘سڑک’ کی سیکوئیل کے بارے میں اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیے

آئیفا: عالیہ بھٹ بہترین اداکارہ اور سٹائل آئیکون

مہیش بھٹ کو ‘بھتے‘ کے لیے دھمکی

رنبیر کے ذکر پر عالیہ بھٹ کا چہرہ لال ہو گيا

عالیہ نے کہا کہ ان سے ہمیشہ یہ سوال ہوتا ہے کہ وہ اپنے والد کے ساتھ کام کب کریں گی۔ وہ بہت خوش ہیں کہ آخر وہ گھڑی آ گئی جب وہ بتا سکتی ہیں کہ انھیں ان کے والد ڈائریکٹ کرنے جا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے بے حد خاص موقع ہے اور وہ اس فلم کے بارے میں پر امید ہیں۔

ان دنوں عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے مبینہ رشتے کے بارے میں بھی میڈیا میں خوب باتیں ہو رہی ہیں۔ 28 ستمبر کو رنبیر کپور کی سالگرہ کے دن رنبیر کی ماں نیتو کپور نے انسٹاگرام پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں رنبیر اور نیتو کے علاوہ عالیہ بھٹ اپنی ماں سونی رازدان کے ساتھ نظر آئيں۔ یعنی رنبیر اور عالیہ کا رشتہ جو بھی ہو دوستی تو پکی ہی لگتی ہے۔

جلد ہی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور ایک ساتھ ایک ہی فلم میں دکھائی دیں گے۔ اس فلم کا نام ‘ برہماستر’ ہے جس کے ہدایتکار ایان مکھرجی ہیں۔ ایان رنبیر اور عالیہ کے قریبی دوست بھی ہیں۔ انھوں نے اپنی پہلی فلم ‘ویک اپ سڈ’ بھی رنبیر کپور کے ساتھ ہی بنائی تھی۔ رنبیر اور ایان کی دوستی انڈین فلم انڈسٹری میں خاصی مشہور ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32503 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp