میرے میاں کو دنیا کی ہر چیز کا لالچ ہے


میرے میاں بہت ہی لالچی واقع ہوئے ہیں۔ انہیں دنیا کی ہر چیز کا لالچ ہے۔ حالانکہ ان کے پاس اللہ کا دیا ہوا سب کچھ ہے اور سب کچھ ہی حلال کا ہے لیکن پھر بھی وہ کبھی مطمئن ہونے والے نہیں ہیں۔ دوسرا پرابلم یہ ہے کہ وہ اپنے آپ کو دنیا کا سب سے زیادہ عقلم مند، سب سے زیادہ خوبصورت اور سب سے زیادہ انوکھا آدمی سمجھتے ہیں۔ انہیں وہی بیماری ہے جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ہے۔ وہ نرگسیت کا شکار ہیں۔ ان کے خیال میں سب لوگ ان سے بے پناہ متاثر ہیں اور جو نہیں ہیں وہ جیلس، بے ایمان اور بے وقوف ہیں۔

میرے میاں کے منہ میں جو آتا ہے بول دیتے ہیں اور چونکہ اکثر وہ غلط ہوتا ہے اس لیے بعد میں ہم سب ان کی کہی ہوئی بے تکی باتوں کے نتائج بھگت رہے ہوتے ہیں۔ یہ جو فیصلے بدلنے کا رواج پڑا ہوا ہے تو یہ مجبوری ہے کوئی شوق نہیں۔ جب لگتا ہے کہ سارا کھیل بگڑ جائے گا تو پھر اپنی بات سے مکر جانے میں دیر نہیں لگاتے۔ بلاوجہ کے خوف کی وجہ سے کئی ٹھیک فیصلے بھی واپس لینے پڑتےہیں۔

یہ جو لوگوں کو لگتا ہے نا کہ میں نے ان کی زندگی بدل ڈالی ہے یا یہ کہ انہوں نے میرے زندگی پر کوئی اثرات مرتب کیے ہیں تو یہ سب دکھاوا ہے۔ ہم دونوں کی اپنی اپنی زندگیاں ویسی کی ویسی ہیں۔ وہ پچھلی تین دہائیوں سے اپنی ایک خواہش کا اظہار کر رہے تھے جو پوری نہیں ہو پا رہی تھی اور انہیں سخت بے عزتی محسوس ہو رہی تھی۔ کیونکہ یہ ان کی نفسیاتی بیماری ہے۔ وہ اپنے آپ کو چونکہ دنیا کی اعلی ترین اور بالکل انوکھی مخلوق سمجھتے ہیں اس لیے وہ اپنی ہار تسلیم کر ہی نہیں سکتے۔ اور اپنی خواہش پوری کرنے کے لیے ہر جائز و ناجائز کوشش کر گزرتے ہیں۔

ڈوبتے کو تنکے کا سہارا کے تحت وہ جب وہ میرے پاس آئے اور مجھے اچھے لگے تو میں نے انہیں عملیات پر لگا دیا۔ مجھے پتا تھا کہ اس ملک میں جادو اور اس کی چھڑی کچھ ایسی کرامات دکھا سکتی ہے جو انہیں درکار ہے۔ تو انہوں نے مجھ سے عملیات سیکھے جس کی وجہ سے انہیں کامیابی حاصل ہو گئی۔ اب جادو اور عملیات سے ذاتی خواہشات تو پوری ہو سکتی ہیں لیکن ملکھ (ملک) تو نہیں چلتے یا ترقی کرتے۔ لیکن شکر ہے کہ یہ بات ابھی تک میرے شوہر کو پتا نہیں چلی اور میں نے ابھی بھی انہیں عملیات پر ہی لگایا ہوا ہے۔ رہی بات کہ میں نے ان سے کیا سیکھا ہے تو میں نے کتوں سے پیار کرنا ان سے سیکھا ہے۔ میں اب انسانوں کے ساتھ ساتھ کتوں کے درد کو بھی محسوس کر سکتی ہوں اور ان کے آنسو بھی صاف کر دیتی ہوں۔

اس کے علاوہ میری زندگی میں یہ فرق پڑا ہے کہ پہلے میری زندگی کافی بورنگ ہو چکی تھی تو میں زیادہ تر الگ تھلگ رہتی تھی یا صرف مریدوں سے ملتی تھی۔ اب زندگی تھوڑی حسین ہو گئی ہے۔ ورنہ جو لوگ ہر چیز سے آزاد ہو جاتے ہیں وہ تو اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کی زندگیاں بھی بورنگ بنا دیتے ہیں۔

میرے میاں کے پاس پہننے کو اچھے کپڑے نہیں ہیں کیونکہ انہیں اس بات کی عقل ہی نہیں ہے۔ جو شخص اپنے لیے چند خوبصورت جوڑے کپڑوں کے نہیں بنا سکتا وہ ملکھ (ملک) کا کیا کرے گا۔ یہی حال کھانے پینے کی چیزوں کا ہے۔ لیکن بہرحال میں نے انہیں جادو ٹونوں میں لگایا ہوا ہے۔ اب دیکھیں یہ کام کتنا عرصہ چل سکتا ہے۔ اندر سے تھوڑی خوفزدہ تو رہتی ہی ہوں کہ کہیں کوئی پرابلم نہ ہو جائے۔ ریکارڈ بھی بتاتا کہ اس پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا، لہذا کل کی خبر نہیں۔ لیکن دیکھیں جب عملیات ناکام ہو جائیں گے تو میں کوئی اور چکر چلا لوں گی۔

رات کو سوتے ہوئے ڈرتے ہیں اس لیے کچھ نہ کچھ پڑھ کر سوتے ہیں تاکہ کوئی برا خواب نہ دیکھ لیں۔ میں بھی اس بات کو یقینی بناتی ہوں کہ وہ سوتے ہوئے اکیلے نہ ہوں۔

میری زندگی اب بورنگ نہیں ہے۔ اب میں غریب لوگوں سے ملتی ہوں اور ان پر ترس کھاتی ہوں۔ اس سے پھر انٹرویوز وغیرہ کے لیے مواد بھی مل جاتا ہے۔ میرا خیال ہے کہ اس سے میرا امپریشن بہتر ہو جائے گا۔ عام طور پر میں لڑکیوں پر سختی کی قائل ہوں کیونکہ لڑکیاں بہت خراب ہو جاتی ہیں۔ مجھ معلوم ہے کہ لڑکیوں پر سختی نہ کی جائے تو کیا نتجہ نکلے گا۔ اس لیے وزیر اور مشیر بھی اس سلسلے میرے احکامات کو اہمیت دیتے ہیں۔ انہیں پتا ہے کہ کامیاب مرد کے ییچھے جو طاقت ہے وہ کہاں سے آ رہی ہے۔

میرے شوہر کو دنیا کی ہر چیز کا لالچ ہے اور مجھے ان کی یہ ادا بہت پسند ہے۔ اس کا فائدہ یہ کہ میں اپنے لالچ بھی نکلوا لیتی ہوں۔ مجھے بھی دنیا کی ہر چیز کا لالچ ہے اور وہ صرف عملیات سے تو پورے نہیں ہوتے۔ انہیں تو میں نے عملیات سے کامیاب کر دیا ہے لیکن میرے بچوں کو بڑے بڑے عہدے تو عملیات سے نہیں ملیں گے۔ اس بات کے لیے تو وہ عملی قدم اٹھائیں گے تو بات بنے گی۔ آغاز تو ہو گیا ہے۔ پاکستان ترقی کر گیا تو یہ ایک بونس ہو گا، ہماری تو بہرحال بلے بلے ہو گئی ہے۔ اپنے اگلے انٹرویو میں اور بھی سچی باتیں کروں گی۔

سلیم ملک

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

سلیم ملک

سلیم ملک پاکستان میں شخصی آزادی کے راج کا خواب دیکھتا ہے۔ انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاند۔

salim-malik has 355 posts and counting.See all posts by salim-malik