مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے: شہباز شریف


لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے احتساب عدالت میں دیے گئے بیان میں اپنے خلاف مقدمات کو سیاسی اور انتقامی کارروائی قرار دے دیا۔
نیب حکام نے آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتار سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا۔

عدالت میں سماعت کے دوران شہبازشریف نے اپنی صفائی دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اورنج لائن منصوبے میں 75 ارب روپے کی بچت کی اور ذاتی مداخلت سے کئی منصوبوں میں بھی اربوں روپے بچائے۔

سابق وزیراعلیٰ نے اپنے خلاف مقدمات کو سیاسی اور انتقامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی مقدمے میں انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، یہ سیاسی مقدمہ ہے اسے سیاسی ہی ٹریٹ کیا جانا چاہیے۔

شہبازشریف کا عدالت میں کہنا تھا کہ کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا، ملک وقوم کی ترقی کے لیے کام کیا، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے سے بچایا، کرپشن کرنے والوں کو رنگے ہاتھوں پکڑا لیکن انہیں چھوڑ دیاگیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنی نیند اور صحت خراب کرچکا، دن رات محنت کرکے عوام کی خدمت کی، اس قسم کے الزامات ماضی میں بھی لگتے رہے ہیں اور اب دوبارہ یہ الزامات لگائے گئے ہیں، ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہوجائے تو سزا کے لیے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سابق چیئرمین احد چیمہ کئی ماہ سے گرفتار ہیں جب کہ سابق وزرائے اعظم نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد بھی اسی کیس میں گرفتار ہیں جب کہ نیب ذرائع کا دعویٰ ہےکہ شہبازشریف کو فواد حسن فواد کے انکشافات کے بعد ہی گرفتار کیا گیا۔

بشکریہ جیو نیوز۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).