ہیرے کی انگوٹھی چرا کے نگل جانے کا انجام کیا ہوا؟


جیولر کی دکان سے ہیرے کی انگوٹھی چرانے کے لئے گاہک نے اسے نگل لیا، لیکن پھر کیا ہوا؟ جان کر کوئی غلطی سے بھی ایسا نہ کرے

 

جرم کر کے دوسروں کی زندگی اجیرن کرنے والے مجرم کبھی کبھار خود ایسی مصیبت میں پھنس جاتے ہیں کہ بس عبرت کی مثال ہی بن جاتے ہیں۔ ایک ایسی ہی مثال، جو بیک وقت مضحکہ خیز بھی اور افسوسناک بھی، ترکی میں سامنے آئی ہے۔

دی مرر کے مطابق مارمرس ڈسٹرکٹ میں ایک غیر ملکی شہری جیولری شاپ میں گاہک بن کر گیا لیکن وہاں سے ہیرے کی انگوٹھی چرا لی۔ کیمبل نامی اس شخص نے انگوٹھی اپنی مٹھی میں دبائی اور باہر کا رخ کیا لیکن دروازے پر کھڑے گارڈ کو شبہ ہو گیا اور اس نے دکان کا داخلی دروازہ بند کر دیا۔کیمبل نے جب یہ منظر دیکھا تو بڑی ’چالاکی‘ کا مظاہرہ کیا اور انگوٹھی نگل گیا۔

احمق چور کو یہ حماقت بڑی مہنگی پڑی۔ انگوٹھی نگلتے ہی اس کی طبیعت بگڑنے لگی اور وہ خود ہی فریاد کرنے پر مجبور ہو گیا کہ اسے ہسپتال پہنچایا جائے۔ جیولری شاپ کے مالک نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع کی اور اس شخص کو مارمرس سٹیٹ ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ اب یہ شخص پولیس اور ڈاکٹروں کی زیر نگرانی ہے۔

مجسٹریٹ نے حکم جاری کیا ہے کہ اگر انگوٹھی قدرتی طریقے سے باہر نا آئے تو اس کے معدے کا آپریشن کر کے نکالی جائے۔ اب انتظار کیا جا رہا اور امید ہے جلد فیصلہ ہو جائے گا۔ چوری کا مال برآمد ہو جانے کے بعد اس چور کے خلاف مزید قانونی کاروائی کا آغاز ہو گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).