چوہے بھی شادی شدہ زندگی کامیابی سے گزارنے کے لیے آہستہ آواز میں بات کرتے ہیں


چوہوں کی زندگی پر تحقیق، کامیاب شادی شدہ زندگی کے لئے وہ کیا کرتے ہیں؟ جان کر انسان بھی دنگ رہ جائیں گے

ازدواجی زندگی میں کامیابی کا حصول اگرچہ کوئی ناممکن بات نہیں مگر کچھ ایسا آسان بھی نہیں۔ لاتعداد جوڑے ایسے ہیں جو باہمی تنازعات کا حل ڈھونڈتے ڈھونڈتے بالآخر ہمت ہار جاتے ہیں اور علیحدگی اُن کا مقدر بن جاتی ہے۔ یوں تو کامیاب ازدواجی زندگی کے لئے ماہرین نفسیات و عمرانیات بھی بہت کچھ بتا سکتے ہیں لیکن امریکی سائنسدانوں نے اس سلسلے میں رہنمائی کے لئے چوہوں سے رابطہ کیا۔

دراصل چوہوں کی ایک خاص نسل ریاست کیلیفورنیا میںپائی جاتی ہے، جس کے بارے میں مشہور ہے کہ یہ عمر بھر جوڑے کی شکل میں رہتے ہیں اور جب تک ان میں سے کسی ایک کی موت نہ ہو یہ کسی اور کے ساتھ تعلق نہیں جوڑتے۔ ان کی وفا شعاری سے متاثر ہو کر ہی سائنسدانوں نے ان کے حالات زندگی کے مطالعے کا فیصلہ کیا تھا۔

ان چوہوں کی زندگی کا کئی ماہ تک مشاہدہ کرنے کے بعد سائنسدانوں کو معلوم ہوا کہ ان میں سے بیش تر جوڑے آپس میں دھیمی آوازوں میں سرگوشیاں کرتے رہتے ہیں۔ دراصل یہ ان کا آپس میں بات چیت کا طریقہ ہے۔ ان کی آوازیں بظاہرتو بے ہنگم چوں چوں محسوس ہوتی ہے مگر جب انہیں بہت آہستہ رفتار پر سنا گیا تو معلوم ہوا کہ یہ چوہے بھی ڈولفن مچھلیوں کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ سیٹیوں جیسی آوازوں میں رابطہ کرتے ہیں۔

تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ جو جوڑے آپس میں دھیمی آواز میں بات کرتے تھے، یعنی ایک دوسرے کے ساتھ شائستگی کا مظاہرہ کرتے تھے اُن کا باہمی تعلق دوسروں کی نسبت زیادہ اچھا اور دیرپا تھا۔ دراصل یہی وہ جوڑے تھے عمر بھر ساتھ رہتے ہیں۔ اس کے برعکس کچھ جوڑے ایسے بھی تھے جو بہت تیز آواز میں ایک دوسرے کے ساتھ بات کرتے تھے، اور چند ماہ کی تحقیق کے دوران ہی معلوم ہو گیا کہ ایسے جوڑوں میں بالآخر علیحدگی ہو گئی۔

تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے ایک ساتھ رہنے والے کچھ جوڑوں کو جدا کرکے نئے ساتھی کے ہمراہ کچھ عرصے کے لئے رکھا اور مشاہدہ کیا کہ نئے ساتھ کے ساتھ اُن کا بول چال بلند اور تیز آواز میں تھا۔ جب انہیں پرانے ساتھی کے ساتھ چھوڑا گیا تو ان کے رویے میں تبدیلی آئی اور رہ پھر سے ایک دوسرے کے ساتھ دھیمے انداز میں بات کرنے لگے۔ اس تحقیق کی بناءپر سائنسدانوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ کم از کم ان چوہوں میں پائیدار ازدواجی تعلق کی بنیاد آپس میں شائستہ انداز میں بات چیت کرنا ہے۔ یہ تحقیق سائنسی جریدے ”فرنٹیئرز ان ایکالوجی اینڈ ایوولوشن“ میں شائع کی گئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).