جلال آباد کا پاکستانی قونصل خانہ کھولنے کا فیصلہ


افغانستان

جلال آباد افغانستان کے دوسرے حصوں کی طرح شدت پسندوں کے نشانے پر رہا ہے

افغانستان کے شہر جلال آباد میں قائم پاکستان کا قونصل خانہ اکتوبر کی آٹھ تاریخ سے معمول کے مطابق افغان شہریوں کو پاکستان سفر کرنے کے لیے ویزا کا اجراء شروع کر دے گا۔

پاکستان کے دفترِ خارجہ سے اتوار کو ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان سرحدی شہر جلال آباد میں پاکستان کا قونصل خانہ جو اگست کی تیس تاریخ سے بند ہے افغان حکومت کی طرف سے اس کے تحفظ کی یقین دہانی کے بعد کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

افغانستان میں امن کے لیے افغانستان سے مشاورت پر اتفاق

افغانستان میں جدید مزاحمتی شاعری

پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ افغانستان کی حکومت نے یقین دلایا ہے کہ پاکستان کے قونصل خانے کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ جلال آباد اور اس کے گرد و نواح میں رہنے والے تمام افغان شہری پاکستان سفر کرنے کے لیے آٹھ اکتوبر سے ویزا درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکومتِ پاکستان نے افغانستان کے صوبے ننگرہار کے گورنر کی طرف سے قونصل خانے میں بلاجواز مداخلت اور سکیورٹی خدشات کی بنا پر گزشتہ ماہ کی تیس تاریخ کو قونصل خانے کو بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ کا کہنا تھا کہ کابل میں پاکستان کے سفارت خانے نے گورنر ننگر ہار حیات اللہ حیات کی طرف سے مداخلت کو ویانا کنونشن 1963 کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیا تھا۔ پاکستانی سفارت خانے نے افغان حکومت پر زور دیا تھا کہ بین الاقوامی معاہدوں کے تحت پاکستانی قونصل خانے کو حاصل سفارتی مراعات کی پاسداری کریں۔

ویانا کنوینشن کے آرٹیکل اکتیس کے تحت قونصل خانے کی چار دیواری کو ایک خاص حیثیت حاصل ہوتی ہے اور اس کی حدود میں مہمان ملک کے حکام بغیر قونصل خانے کے سربراہ کی پیشگی اجازت کے داخل نہیں ہو سکتے۔

اس کے علاوہ مہمان ملک پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قونصل خانے کی چار دیواری کے اندر کسی قسم کی دراندازی کو روکنے اور قونصل خانے کی سکیورٹی کو یقینی بنائے۔

افغان ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی اطلاعات کے مطابق گورنر حیات اللہ حیات نے پاکستان کے قونصل خانے کے عملے کو ویزا جاری کرنے کے اپنے طریقے کار میں تبدیلی کرنے کے لیے غیر ضروری طور پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی تھی اور ان کا کہنا تھا کہ ویزے حاصل کرنے میں افغان شہریوں کو دقت پیش آ رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp