شہباز شریف کو منڈیلا بنتے دیکھ کر پریس کانفرنس کر رہا ہوں: عمران خان


لاہور: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مہنگائی بڑھائے بغیر ملک کا قرض اتارنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ ہم قوم کا لوٹا ہوا پیسہ وطن واپس لے آئیں۔

لاہور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صرف کرپشن ختم اور گورننس ٹھیک ہوجائے تو سرمایہ کار آجائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں نہ بڑھائیں تو 1200ارب کا گردشی قرضہ مزید بڑھ جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ وہ اس لیے پریس کانفرنس کررہے ہیں کیوں کہ انہوں نے گزشتہ روز شہباز شریف کو منڈیلا بنتے دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ قرضے سے بنی 3 میٹرو بسوں کا سالانہ خسارہ 8 ارب روپے ہے، جو کچھ سابقہ حکمران چھوڑ کر گئے ہیں اسی وجہ سے چیزیں مہنگی ہورہی ہیں، قرض لیے بغیر معیشت ٹھیک کرنے کا واحد راستہ لوٹی دولت کی وطن واپسی ہے۔

وزیراعظم کی سرکاری اراضی پر قائم کچی آبادیوں کو ریگولرائز کرنے کا حکم

وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ کے اجلاس میں سرکاری اراضی پرکچی آبادیوں کو ریگولرائز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس پنجاب میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور کابینہ کے اراکین شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران تحریک انصاف کی حکومت کے 100 روزہ پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو صوبے میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن، کلین اینڈ گرین پنجاب، اپنا گھر اسکیم اور بلدیاتی نظام پر بریفنگ دی گئی جب کہ اجلاس میں ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن سیکٹر میں ٹاسک فورسز سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں پنجاب کابینہ نے کسانوں کے لیے استعمال شدہ ٹریکٹر امپورٹ کرنے کی سفارش کی جس پر وزیر اعظم نے یہ تجویز وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم نے سرکاری اراضی پر قائم کچی آبادیوں کو ریگولرائز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نجی زمینوں پر قائم کچی آبادیوں پر عدالتی احکامات پر عمل کیا جائے اور سرکاری اراضی پر قائم کچی آبادی کو رعایت دی جائے۔

وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف مہم میں کسی غریب کو بے جا زحمت نہ دی جائے جب کہ قبضہ مافیا کے خلاف ڈٹ کے کھڑے ہوں، وفاقی حکومت مکمل مدد فراہم کرے گی۔

‘پی ٹی آئی حکومت پرانے بلدیاتی نظام میں خامیاں دور کرکے نیا نظام لائے گی‘

وزیر اعظم نے پنجاب کابینہ کو بلدیاتی نظام کے نفاذ اور ہاؤسنگ پروگرام پر اعتماد میں لیا جب کہ اس موقع وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پر پی ٹی آئی حکومت پرانے بلدیاتی نظام میں خامیاں دور کرکے نیا نظام لائے گی جس کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام سے مقامی لوگوں کے پاس نچلی سطح پر اقتدار ہوگا اور نئے بلدیاتی نظام سے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلدیاتی نظام میں مالی بےقاعدگیوں پر مکمل چیک ہوگا لہٰذا پنجاب کابینہ نئے بلدیاتی نظام سے متعلق بروقت قانون سازی کرے۔

‘ضمنی الیکشن پی ٹی آئی کے لئے بہت اہمیت کے حامل ہیں‘

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن پی ٹی آئی کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں، اسی لیے بھرپور عوامی مہم چلائیں، آپ سب کوعوام کی خدمت کے لیے بہت محنت کرنی ہے، نظام میں بہتری کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک گیر صفائی اور شجرکاری مہم میں صوبائی حکومت بھرپور ساتھ دے جب کہ سرکاری عمارات اور زمینوں کو مفید استعمال میں لائیں۔
وزیر اعظم نے کابینہ کو ہدایت کی کہ 100 دنوں کے پلان میں تمام اہداف کو بروقت مکمل کریں۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جس کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بشکریہ جیو نیوز۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).