دبئی ٹیسٹ میں پاکستانی بلے بازوں کی پراعتماد بیٹنگ


کرکٹ

دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں پہلے سیشن کا کھیل آسٹریلوی بولرز کے لیے مشکل رہا

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دو کرکٹ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ہے اور پاکستان نے اب سے کچھ دیر قبل تک پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 258 رنز بنا لیے تھے۔

پیر کو دوسرے دن کے کھیل کے آغاز پر پاکستان کی جانب سے کریز پر حارث سہیل اور نائٹ واچ مین محمد عباس موجود ہیں۔

میچ کا تازہ ترین سکور کارڈ

پاکستان نے اپنے اوپنرز کی ڈبل سنچری شراکت کی بدولت میچ کے پہلے دن کے کھیل کے بیشتر سیشنز اپنے نام کیے لیکن آخری سیشن میں آسٹریلوی بولر تین وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

پاکستان کی جانب سے ٹیم میں واپسی کرنے والے تجربہ کار اوپنر محمد حفیظ نے سنچری بنائی اور وہ 126 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ ان کا ساتھ نوجوان امام الحق نے دیا جو 76 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے

دبئی: پہلے دن کا کھیل پاکستانی بلے بازوں کے نام

’دبئی میں ٹیسٹ جیتنا کوئی آسان کام ہے؟‘

ان دونوں کے درمیان 205 رنز کی شراکت ہوئی۔ یہ آسٹریلیا کے خلاف کسی بھی ٹیسٹ میچ میں اوپنرز کی جانب سے بنائی جانے والے دسویں ڈبل سنچری شراکت تھی۔

کرکٹ

پاکستان کی جانب سے ٹیم میں واپسی کرنے والے تجربہ کار اوپنر محمد حفیظ نے سنچری بنائی اور وہ 126 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے

حفیظ کے برعکس پاکستانی بیٹنگ لائن میں شامل دوسرے تجربہ کار بلے باز اظہر علی ایک آسان پچ کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور اختتامی سیشن میں صرف 18 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے سپنرز نیتھن لائن اور جان ہالینڈ کے علاوہ فاسٹ بولر پیٹر سڈل نے ایک ایک وکٹ لی ہے۔

پاکستان کی جانب سے اس میچ میں بلال آصف کو ڈیبو کروایا گیا ہے جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے تین کھلاڑیوں نے اپنا ڈیبو کیا ہے۔

ان میں ٹریوس ہیڈ اور آرون فنچ محدود اوورز کی کرکٹ میں آسٹریلوی ٹیم کے رکن رہے ہیں جبکہ آل راؤنڈر مارنس لابوس چین بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی دفعہ آسٹریلیا کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

پاکستان کی ٹیم میں لیگ سپنر یاسر شاہ کی بھی انجری کے بعد واپسی ہوئی ہے۔ انھوں نے 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہی اپنا ڈیبو کیا تھا اور اس کے بعد سے مسلسل پاکستانی ٹیم کا رکن رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp