ہو سکتا ہے دنیا کی 10 فی صد آبادی کرونا سے متاثر ہو چکی ہو: ڈبلیو ایچ او


مائیک ریان، فائل فوٹو

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ دنیا کی 10 فی صد آبادی کرونا وائرس سے متاثر ہو چکی ہو۔

عالمی ادارہ صحت کے ہیلتھ ایمرجنسی پروگرام کے سربراہ مائیک ریان نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ ایجنسی کے اندازے کے مطابق اس وقت تک دنیا میں 76 کروڑ افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

ان کے بقول یہ تعداد رپورٹ ہونے والے کیسز سے 20 گنا زیادہ ہے۔ ایجنسی کے مطابق اب بھی دنیا کے 90 فی صد افراد کرونا سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

جنیوا میں ادارے کے 34 رکنی ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مائیک ریان نے کہا کہ ہر ملک میں یہ تعداد مختلف ہے مگر دنیا بھر میں ایک بڑی اکثریت ابھی بھی خطرے میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”ہم ایک مشکل صورت حال کی جانب بڑھ رہے ہیں۔“

پیر کو امریکہ کی جانز ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ساڑھے تین کروڑ سے بڑھ گئی ہے جب کہ کرونا وائرس کی وجہ سے مرنے والے افراد کی تعداد 10 لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔

حالیہ دنوں میں یورپ میں کرونا کی وبا کی دوسری لہر کی وجہ سے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ پیر کو جرمنی میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد تین لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔ برطانیہ میں یہ تعداد پانچ لاکھ جب کہ اسپین میں آٹھ لاکھ سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

امریکہ کی دو تہائی ریاستوں میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جن میں مغربی اور وسط مغربی ریاستیں ہیں۔ جانز ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق امریکہ میں اب تک 74 لاکھ کیسز جب کہ دو لاکھ سے زائد افراد اس وائرس کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa