پنجاب میں تحریک انصاف کے 12 ارکان نون لیگ کے ساتھ مل گئے، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اعتراف کیا ہے کہ حالیہ سینیٹ انتخابات میں پنجاب میں پی ٹی آئی کے 12 ارکان صوبائی اسمبلی نے (ن) لیگ کو ووٹ دیا ہے۔

گزشتہ دنوں چوہدری غلام سرور کے گورنر پنجاب بننے کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر تحریک انصاف کے شہزاد وسیم اور مسلم لیگ ن کے خواجہ احمد حسان کے درمیان مقابلہ تھا۔

تحریک انصاف کے ڈاکٹر شہزاد وسیم 181 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جب کہ مسلم لیگ ن کے خواجہ احمد حسان کو 169 ووٹ ملے تھے۔
سیینیٹ کے الیکشن میں ن لیگ کو توقع سے زیادہ 3 ووٹ ملے جبکہ تحریک انصاف کو 4 ووٹ کم پڑے تھے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اعتراف کیا ہے کہ حالیہ سینیٹ انتخابات میں پنجاب میں پی ٹی آئی کے 12 ارکان صوبائی اسمبلی نے (ن) لیگ کو ووٹ دیا ہے۔

نجی ٹی کے پروگرام میں ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ارکان کے (ن) لیگ کو ووٹ دینے کی مکمل تحقیقات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے والوں میں پارٹی میں شامل ہونے والے کچھ آزاد ارکان بھی ہوں، دنیا مطلب کی ہے۔

‘شہباز شریف کے معاملے پر قومی اسمبلی کا اجلاس 17 اکتوبر کو بلارہے ہیں’

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی درخواست پر شہباز شریف کے معاملے پر قومی اسمبلی کا اجلاس 17 اکتوبر کو بلارہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کو شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کی صرف متحدہ عرب امارات کی 3 ہاؤسنگ کالونیوں میں 10 ہزار جائیدادوں کا پتا لگالیا ہے اور ان کالونیوں میں پاکستانیوں کی جائیداد کی مالیت 9 ارب ڈالر کے قریب ہے، باری سب کی آئے گی۔

انہوں نے کہا سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے جن شرائط پر پیسے مل رہے تھے، ان پر ہم نہیں لے سکتے تھے، ہم نے اپنے اسٹریٹیجک اور اکنامک مفادات کو دیکھا اور نہ چاہتے ہوئے بھی آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے قرضہ حاصل کرنے کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس جانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد سے انہیں تنقید کا سامنا ہے۔

بشکریہ جیو نیوز۔

image_pdfimage_print
Comments - User is solely responsible for his/her words


اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ ”ہم سب“ ایک مثبت سوچ کو فروغ دے کر ایک بہتر پاکستان کی تشکیل میں مدد دے رہا ہے تو ہمارا ساتھ دیں۔ سپورٹ کے لئے اس لنک پر کلک کریں