رات کو کتنی دیر سونے والے مرد بانجھ پن کا شکار ہو سکتے ہیں ؟


نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) پوری نیند نہ لینے کے کئی نقصانات ہیں لیکن اب سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں اس کے ایک خوفناک نقصان کا انکشاف کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق نیند کی کمی مردوں میں جنسی ہارمون ٹیسٹاسٹرون کی پیداوار میں کمی کا سبب بنتی ہے۔ مردوں کے لیے اوسط نیند کا دورانیہ 6.9 گھنٹے ہے۔ جو مرد اس سے ایک گھنٹہ کم نیند لیتے ہیں ان کے ٹیسٹاسٹرون میں 1.5 فیصد کمی واقع ہو جاتی ہے، اور ہر گھنٹے کے ساتھ یہ تناسب اسی شرح سے بڑھتا جاتا ہے۔

یونیورسٹی آف میامی کے سائنسدانوں کا مزید کہنا تھا کہ اگر مرد طویل عرصے تک اوسط سے زیادہ کم نیند لیتے رہیں تو ان کے بانجھ ہو جانے کے امکانات بھی بہت زیادہ ہو جاتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اس تحقیق میں سائنسدانوں نے 2300مردوں پر تجربات کیے جو 2سے 12گھنٹے کی نیند لیتے تھے۔ سائنسدانوں نے ان کی نیند کے دورانیے اور ان کے جسم میں ٹیسٹاسٹرون کی مقدار کا تجزیہ کرکے نتائج مرتب کیے۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ پروفیسر ڈیرین گریفن کا کہنا تھا کہ نیند کی کمی کی وجہ سے دماغ کی طرف سے جانے والے ان سگنلز میں خلل پڑتا ہے جو جنسی ہارمون ٹیسٹاسٹرون کو کنٹرول کرتے ہیں۔نیند کی کمی کا صرف یہی ایک نقصان نہیں ہے بلکہ یہ کئی حوالوں سے انسان کی ذہنی و جسمانی صحت پر اثرانداز ہوتی ہے اور ان کے افعال میں بگاڑ کا سبب بنتی ہے۔“
بشکریہ ڈیلی پاکستان۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).