جاوید چوہدری 10 نوبل انعام یافتہ چنیوٹ کے عمران احمد کے بارے میں انکشافات کرتے ہیں


معروف کالم نگار جاوید چوہدری اپنے آج کے کالم میں لکھتے ہیں، “عمران احمد چنیوٹ کا رہائشی ہے‘ اس کے بقول یہ دنیا کا سب سے بڑا سائنس دان‘ طبی دنیا کا شاندار ترین دماغ اور کائنات کا سب سے بڑا موجد ہے‘ یہ ڈاکٹر آر یو عمران احمد کہلاتا ہے اور اس کا دعویٰ ہے یہ دس نوبل انعام اور 40 شاہ فیصل ایوارڈز حاصل کر چکا ہے‘ یہ 100 سائنسی کارنامے اور سائنس کو 361 نئے قوانین دے چکا ہے۔

یہ قوانین نیوٹن اور آئن سٹائن کے قوانین سے بڑے ہیں اور یہ دنیا میں میڈیکل جوڈیشری کا موجد ہے‘ ڈاکٹر عمران احمد کا دعویٰ ہے دنیا جہاں کے ادارے اس کی ذہانت اور سائنسی مہارت کا ٹیسٹ لے چکے ہیں اور یہ قدرت کے اس شاہکار پر حیران ہیں‘ یہ پیچیدہ اور ناقابل علاج امراض کا علاج بھی جانتا ہے۔

اس نے چنیوٹ میں باقاعدہ کلینک کھول رکھا تھا‘ یہ سوشل میڈیا پر کیمپین چلاتا تھا‘ کینسر اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں سے ساڑھے پانچ ہزار روپے وصول کرتا تھا‘ادویات دیتا تھا اور دعویٰ کرتا تھا مرض دس دن میں ختم ہو جائے گا‘ یہ خود ساختہ ایم بی بی ایس بھی تھا‘ یہ دنیا کے کسی میڈیکل کالج کا طالب علم نہیں رہا‘ یہ فزکس‘ کیمسٹری اور بائیولوجی کی الف ب بھی نہیں جانتا لیکن یہ اس کے باوجود دنیا کا سب سے بڑا ڈاکٹر بھی تھا‘ یہ ان امراض کا علاج کر رہا تھا جن کی ٹریٹمنٹ دنیا کی کوئی لیبارٹری ایجاد نہیں کر سکی۔

یہ مزید دس نوبل انعام اور 50 شاہ فیصل ایوارڈز بھی حاصل کر سکتا تھا لیکن بدقسمتی سے 7 اکتوبرکو چنیوٹ پولیس نے اس ’’عظیم دماغ‘‘ کو گرفتار کر لیا اور اسے جھوٹ اور دھوکا دہی میں جیل بھجوا دیا‘یہ جیل میں بھی اپنے دعوے پر قائم ہے‘ اس کا کہنا ہے آپ مجھے چھ مہینے مہلت دیں‘ میں ثابت کروں گا میں آئن سٹائن سے بڑا سائنس دان ہوں۔”


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).