ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کے گھر بے بی مرزا ملک کی آمد آمد ہے


بھارت کی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور پاکستان کے کرکٹ اسٹار شعیب ملک کی شادی اپریل 2010 میں ہوئی تھی۔ آٹھ برس تک خوشگوار ازدواجی زندگی گزارنے کے بعد دونوں نے اپنے گھر میں ایک مہمان کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔ مہمان کی آمد نومبر میں متوقع ہے۔

ثانیہ مرزا کھیل کے علاوہ معاشرتی امور پر بھی زور دار رائے رکھتی ہیں اور اپنی رائے کو ببانگ دہل بیان کرنے میں انہیں کوئی عار نہیں ہوتا۔

مہمان کی آمد کی توقع پیدا ہوتے ہی انہوں نے صاف صاف کہہ دیا کہ انہیں ایک گڑیا کی آمد سے زیادہ خوشی ہو گی۔ غالباً وہ جنوبی ایشیائی معاشرے میں بچیوں کی پیدائش سے منسوب تعصب کی مزاحمت کرنا چاہتی تھیں۔ تاہم کچھ عرصے بعد انہوں نے یہ بھی کہا کہ لڑکا ہو یا لڑکی، انہیں ایک جیسی خوشی ہو گی۔

ذرائع ابلاغ کو ایک انٹرویو میں ثانیہ مرزا نے کہا کہ وہ اپنے بچے بلکہ دنیا کے ہر نومولود بچے کو ایک ہی پیغام دینا چاہیں گی۔ “اپنی روشنی میں چلو۔ اپنے آپ پر اعتماد کرنا سیکھو۔ اپنے خواب پورے کرنے کی کوشش کرو۔”

ایک اور انٹرویو میں ثانیہ مرزا نے یہ بھی کہا کہ “یہ غالباً ان کی واحد اولاد ہو گی۔ انہیں بچے کی جنس سے کوئی مسئلہ نہیں۔ لڑکی ہو یا لڑکا، اسے صحتمند ہونا چاہیے۔”

اپنے بچپن کی خوشگوار یادیں بیان کرتے ہوئے ثانیہ مرزا نے بتایا کہ ان کے والدین کھیلوں میں ان  کی کارکردگی پر بہت فخر کرتے تھے۔ انہیں میچ کھیلنے کے لئے مختلف شہروں میں جانا ہوتا تھا۔ بھی مقامی میچ ہو یا بین الاقوامی ٹینس مقابلہ، میرے والدین نے میری حوصلہ افزائی کی۔ یہی وجہ ہے کہ مجھ میں اعتماد پیدا ہوا اور میں نے مشکلات کا مقابلہ کرنا سیکھا۔

ثانیہ مرزا کو اپنی بہن سے بہت محبت ہے۔ انہوں نے حالیہ مہینے اپنی بہن کے ساتھ حیدرآباد میں گزارے ہیں۔ ان کی بہن انعم نے گزشتہ دنوں ثانیہ کے لئے ایک بے بی شاور اینڈ پاجامہ پارٹی کا اہتمام کیا۔ ذیل کی تصویر اس پارٹی میں لی گئی تھی۔

ثانیہ نے حاملہ خواتین کی رہنمائی کے لئے یہ بھی بتایا کہ انہیں اس دوران پوری نیند لینی چاہیے۔ نارمل زندگی گزارنی چاہیے۔ غذا میں کیلشیم شامل کرنے لئے ثانیہ مرزا دہی تجویز کرتی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).