سوشل میڈیا یوزرز کی اخلاقی گراوٹ


”شعیب بھائی افسوس ہے مجھے آپ پر اگر تصویر بنانی ہی ہے تو کم از کم اپنی بیوی کو کپڑے تو ڈھیلے پہنا دیں، وہ عورت ہو کر بے شرم ہے اور آپ مرد ہو کر غیرت مند نہیں ہو، دونوں کی جوڑی اچھی ہے۔ “

”اسے دیکھو تو، شرم آنی چاہیے، اوپر سے گندے طریقے سے ہنس کر ڈرا رہی ہے، خوفناک ثانیہ، پاکستان کی عزت کے بارے میں سوچنے کی توفیق نہیں ہے تو شعیب کی ہی سوچ لو“

”ایسی حالت میں کوئی بھی لڑکی سامنے آنے میں شرم محسوس کرتی ہے لیکن جب کوئی ہو ہی بے شرم تو پھر خیر ہے۔ “

یہ ہیں کچھ تبصرے جو ہمارے پیارے پاکستانی بھائیوں نے شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی تصاویر پرکیے ہیں۔ شعیب ملک اور ثانیہ کسی تقریب میں مدعو ہیں جہاں ایک تصویر میں دونوں کو کھانا کھاتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ دوسری تصویر میں ثانیہ ہنس رہی ہیں اور شعیب ان کو ہنستا ہوا دیکھ رہے ہیں۔ اب اوپر موجود تبصروں پر آپ جو چاہے سوچیں پر مجھے تو صرف افسوس ہی ہو رہا ہے۔ افسوس ہماری اخلاقی اور معاشرتی گراوٹ پر، اور افسوس ہمارے الفاظ کے استعمال پر۔

پہلے تبصرے میں شعیب ملک کو بھائی کہ کر مخاطب کیا جا رہا ہے، بھائی پر پہلے افسوس کیا جا رہا ہے، پھر بھابھی کو بے شرم قرار دیا جا رہا ہے اور آخر میں بھائی کو بے غیرت۔ اسی سوچ کے حامل لوگ ہوتے ہیں شاید جو غیرت کے نام پر قتل کر دیتے ہیں۔ جب آپ ایک بندے کو بھائی کہ کر مخاطب کرتے ہیں تو اس کی بیوی آپ کی بھابھی ہوئی اور پاکستانی معاشرے میں شاید بھابھی کو بہن ہی سمجھا جاتا تھا پر شاید وہ پرانے قصے کہانیوں کی بات ہے۔ اب تو بہنوں کو قتل کیا جاتا ہے۔

دوسرے تبصرے میں ثانیہ کے گندے طریقے سے ہنسنے پر اعتراض ہے، پھر پاکستان کی عزت کا واسطہ اور اگر اس کا بھی خیال نہ کیا جائے تو آخر میں شعیب کی عزت کا واسطہ دے دیا گیا۔ جہاں تک ہنسنے پر اعتراض کی بات تو وہ تو بالکل ٹھیک ہے کیونکہ پاکستان میں عورت کو جینے کا حق مل جائے تو یہی بہت، کہاں وہ ٹھٹھے مارتی پھرے؟ لیکن رہا پاکستان کی عزت کا سوال تو ایک بھارتی ناری کو پاکستان کی عزت کی کیا پرواہ؟ اور رہی بات شعیب ملک کی عزت کی تو اس کی پرواہ تو شعیب ملک کو ہونی چاہیے نا مجھے اور آپ کو؟

تیسرے تبصرے میں ثانیہ کی حالت کا ذکر کرتے ہوئے ایسی حالت میں باہر نکلنے کی وجہ سے اسے بے شرم کا خطاب دیا گیا ہے، پر یہ خطاب دینے والے شاید بھول گئے کہ پاکستان کے بہت سے دیہات میں خواتین ایسی ہی حالت میں آخری دن تک کھیتوں میں کام کرتی ہیں تو کیا وہ سب بے شرم ٹھہریں؟

ان تصاویر پر اس کے علاوہ بھی بہت سے تبصرے ہوئے پر لب لباب سب کا یہی ہے۔ کچھ تبصروں میں تو انتہائی گھٹیا زبان استعمال کی گئی۔ ثانیہ مرزا ایک عالمی معیار کی ٹینس کھلاڑی ہیں، انڈیا کی سٹار ہیں، اور پاکستان کے ایک سٹار کرکٹر کی بیوی پر ان سب سے بڑھ کر ایک خاتون ہیں۔ ایک ویسی ہی خاتون جس کے پیٹ میں آپ نے نو ماہ گزارے، اگر کسی اور کا خیال نہیں کر سکتے تو اسی کا کر لیجیے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).