امریکہ میں ایک عورت کی تاریخ ساز کامیابی


\"CEDAR

امریکہ کی صدارتی مہم میں ہیلری کلنٹن ڈیموکریٹک پارٹی کا امید وار بننے کے لئے مطلوبہ ڈیلگیٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔ اگرچہ ایک روز قبل خبر رساں ایجنسیوں نے اس بارے میں اطلاع دینا شروع کردی تھی لیکن منگل کو نیو جرسی میں اپنے مد مقابل برنی سینڈرس کو شکست دے کر ہیلری کلنٹن نے خود اس کامیابی کا اعلان کیا اور کہا کہ ہم نے ایک سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ ملک کی تاریخ میں پہلی بار کوئی خاتون صدر کے عہدے کے لئے انتخاب میں حصہ لے گی اور صدر بن کر تاریخ رقم کرسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی سے ہم ان سب لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو اس نسل سے پہلے مساوی حقوق کے لئے جد وجہد کرتے رہے ہیں۔

منگل کی پرائمریز میں ہیلری کلنٹن نے نیو جرسی ، نیو میکسیکو اور جنوبی ڈکوٹا میں کامیابی حاصل کی جبکہ ان کا مقابلہ کرنے والے 74 سالہ سینیٹر برنی سینڈرس نے شمالی ڈکوٹا اور مونٹانا میں کامیابی حاصل کی۔ ابھی امریکہ کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست کیلی فورنیا کا نتیجہ نہیں آیا لیکن جائزوں کے مطابق اس ریاست میں دونوں امید واروں کے درمیان زبردست مقابلہ ہے ۔ اس لئے یہ کہنا ممکن نہیں کہ کون سا امید وار کامیابی حاصل کرسکے گا۔ ہیلری کلنٹن کیلی فورنیا کا نتیجہ آنے سے پہلے ہی 2497 ڈیلی گیٹس کی حمایت حاصل کرچکی ہیں۔ پارٹی کی نامزدگی کے لئے 2383 ڈیلی گیٹ ضروری ہوتے ہیں۔ برنی سینڈرس کو اب تک 1663 ڈیلی گیٹ حاصل ہوئے ہیں لیکن انہوں نے ابھی تک مقابلے سے دستبردار ہونے کا اعلان نہیں کیا ہے۔ ان کی مہم کا خیال ہے کہ وہ جولائی کے آخر میں پارٹی کی نامزدگی کے لئے منعقد ہونے والے کنونشن سے پہلے سپر ڈیلی گیٹس کو اپنی رائے تبدیل کرنے پر آمادہ کرلیں گے۔ ڈیمو کریٹک پارٹی میں سال رواں کی نامزدگی کے دوران 719 سپر ڈیلی گیٹ ہوں گے۔ یہ سپر ڈیلی گیٹ ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کے منتخب ارکان (438)، ایوان نمائیندگان کے لئے پارٹی کے منتخب ارکان (193)، پارٹی کے منتخب سینیٹرز (47)، پارٹی کے منتخب گورنر (21) اور اس کے علاوہ 20 سینئر پارٹی لیڈروں پر مشتمل ہیں۔ سپر ڈیلی گیٹ منتخب ہونے والے ڈیلی گیٹس کے برعکس آخر وقت تک اپنی رائے بدل سکتے ہیں۔ برنی سینڈرس کی مہم کا کہنا ہے کہ وہ جولائی تک ان ڈیلی گیٹس کی حمایت حاصل کرنے کے لئے کام کریں گے۔ سپر ڈیلی گیٹس میں سے 619 نے اپنی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ ان میں سے 571 ہیلری کلنٹن کو اور 48 برنی سینڈرس کو ووٹ دیں گے۔ ایک سو سپر ڈیلی گیٹس نے ابھی فیصلہ نہیں کیا۔ تاہم تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ایک بار حمایت کا اعلان کرنے کےبعد سپر ڈیلی گیٹ کی طرف سے رائے تبدیل کرنے کی روایت موجود نہیں ہے۔

امریکہ کے صدارتی انتخاب میں پہلی خاتون کے طور پرملک کی کسی پارٹی کی نامزدگی حاصل کرکے ہیلری کلنٹن تاریخ رقم کریں گی۔ انہوں نے یہ سنگ میل عبور کرنے کے بعد اپنے حامیوں کو ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’یہ کامیابی بڑے خواب دیکھنے والی ہر اس چھوٹی سی لڑکی کے لئے پیغام ہے کہ آپ جو چاہیں کرسکتی ہیں۔ حتیٰ کہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی صدر بھی بن سکتی ہیں۔ یہ رات ان سب لڑکیوں کے نام ہے‘۔ ہیلری کلنٹن کی یہ کامیابی امریکہ میں عورتوں کے حقوق کی جد وجہد کے لئے ایک طاقتور علامت بن جائے گی۔ یہ کامیابی خاص طور سے یوں بھی اہم ہے کیوں کہ ری پبلیکن پارٹی کے متوقع امید وار ڈونلڈ ٹرمپ معاشرے کے کمزور طبقوں اور عورتوں کے حقوق کے خلاف بات کرتے رہے ہیں۔

کل رات اپنی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے ہیلری کلنٹن نے برنی سینڈرس کے حامیوں سے اپیل کی کہ وہ پارٹی کو اکٹھا کرنے اور ڈونلڈ ٹرمپ کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لئے اختلافات بھلا کر ان کے پرچم تلے جمع ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ لوگوں کو تقسیم کرنے، عورتوں کی توہین کرنے ، مسلمانوں اور امیگرینٹس کے خلاف نعرے بازی میں مصروف رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شخص جذباتی لحاظ سے امریکہ کا صدر اور کمانڈر انچیف بننے کا اہل نہیں ہے۔ اس انتخاب میں خطرات بہت زیادہ اور امکانات بالکل واضح ہیں۔

ڈیموکریٹک پارٹی کے حامیوں کا خیال ہے کہ ہیلری کلنٹن انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کا مقابلہ کرنے کی زیادہ اہل ہیں اور ان کی جیت کے امکانات زیادہ ہیں۔ اگرچہ وزیر خارجہ کے طور پر ای میل روانہ کرنے کے لئے نجی سرور استعمال کرنے کی خبر سامنے آنے پر ہیلری کلنٹن کی ساکھ کو نقصان پہنچا تھا اور ووٹروں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی تھی۔ اس کے باوجود کلنٹن کو ٹرمپ کے مقابلے میں مضبوط امید وار قرار دیا جا رہا ہے۔ لیکن سرکاری مواصلت کے لئے پرائیویٹ سرور استعمال کرنے کا اسکینڈل انتخاب کے دوران ان کے خلاف استعمال کیا جائے گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے ایک اہم تقریر کریں گے اور کلنٹن کے بارے میں اہم اور دلچسپ انکشافات کریں گے۔

امریکہ میں نامزدگی کا مرحلہ مکمل ہونے کے قریب ہے۔ اب یہ تقریباً طے ہو چکا ہے کہ ٹرمپ ری پبلیکن اور کلنٹن ڈیموکریٹک پارٹی کی امید وار ہوں گی۔ ٹرمپ کی طرف سے اب تک مخالفین کے بارے میں جو لب و لہجہ اختیار کیا گیا ہے، اس کی روشنی میں کہا جا سکتا ہے کہ ملک کے آئندہ صدر کی انتخابی مہم میں سخت اور اشتعال انگیز الفاظ استعمال ہوں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

سید مجاہد علی

(بشکریہ کاروان ناروے)

syed-mujahid-ali has 2767 posts and counting.See all posts by syed-mujahid-ali

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments