بیلجیئم میں ٹیکنیشن نے ایک ایف 16 طیارے سے فائرنگ کر کے دوسرا ایف 16 طیارہ تباہ کر دیا


ایف 16

اطلاعات کے مطابق بیلجیئم کے فضائی اڈے پر ایک ٹیکٹنیشن سے غلطی سے ایف 16 طیارے سے فائرنگ کے نتیجے میں نزدیک کھڑا ایک ایف 16 جیٹ طیارہ تباہ جبکہ ایک اور جیٹ طیارے کو نقصان پہنچا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ٹیکنیشن نے غلطی سے ایف 16 طیارے کی 20 ایم ایم فلکن کینن فائر کر دیا جس کے باعث سامنے کھڑا ایف 16 جیٹ طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

ایویو نیوز کے مطابق ٹیکنیشن نے بیلجیئم کے جنوب میں واقع فلورنس فضائی اڈے پر معمول کے کام کے دوران ایف 16 کے کینن فائر کر دیے جس سے ہینگر کے سامنے کھڑا ایک ایف 16 طیارہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

رپورٹس کے مطابق ہینگر کے سامنے کھڑا ایف 16 طیارے میں پورا ایندھن بھرا ہوا تھا اور کینن کی فائرنگ سے اس جہاز کو آگ لگ گئی جبکہ نزدیک ہی کھڑا ایک اور جیٹ طیارے کو بھی نقصان پہنچا۔

بیلجیئم ایئر فورس نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ ایف 16 طیارے کو آگ لگنے اور دھماکہ ہونے کے نتیجے میں دو مکینک زخمی ہوئے ہیں۔

ایف 16

بیلجیئم فضائیہ کے ترجمان نے مقامی ٹی وی چینل آر ٹی بی ایف کو بتایا کہ اس واقعے کی تحقیقات کا آغاز ہو گیا ہے۔

تاہم فضائیہ نے یہ نہیں بتایا کہ یہ واقعہ ٹیکنیشن کی غلطی سے پیش آیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایف 16 طیارے کی کینن سے چھ ہزار گولیاں فی منٹ فائر ہوتی ہیں۔ اور اسی وجہ سے ٹیکنیشن نے زیادہ دیر بٹن نہیں دبایا اور پھر بھی اتنی گولیاں فائر ہو گئیں کہ ایف 16 طیارہ تباہ ہو گیا۔

کہا جا رہا ہے کہ دوسرے ایف 16 طیارے میں ایندھن بھرا جا چکا تھا کیونکہ اس جہاز نے تھوڑی ہی دیر میں پرواز کرنا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp