کیا حکومت نے واقعی پاکستان کے جھنڈے کی جگہ تحریک انصاف کا جھنڈا رکھ کر چین سے معاہدہ کیا؟


سوشل میڈیا پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چینی حکام کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں میز پر پاکستان کے قومی کی بجائے تحریک انصاف کا پارٹی پرچم نظر آرہا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس تصویر کے باعث تحریک انصاف کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور اسے پاکستان دشمنی سے تعبیر کیا جارہا ہے، حالانکہ تصویر تو بالکل ٹھیک ہے لیکن اس کی حقیقت وہ نہیں ہے جو سوشل میڈیا پر پاکستان کے عوام کو دکھائی جارہی ہے۔

اس تصویر کی کہانی کچھ یوں ہے کہ اتوار کوچین کی کمیونسٹ پارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی دفتر خارجہ میں تقریب منعقد ہوئی۔ تحریک انصاف کے جانب سے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی نے یادداشت پر دستخط کیے۔

چینی کمیونسٹ پارٹی کی طرف سے بین الاقوامی محکمے کے وزیر سونگ تاؤ نے دستخط کیے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل ارشد داد، سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم اور دیگر بھی موجود تھے۔

معاہدے میں کمیونسٹ پارٹی اور تحریک انصاف کے مابین روابط مستحکم اور فعال بنانے، پاکستان اور چین کے مابین سٹریٹجک شراکت داری میں تقویت کے لئے دونوں جماعتوں کے باہمی تعلقات مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ کمیونسٹ پارٹی اور تحریک انصاف کے مابین باقاعدگی سے وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

یہ معاہدہ دراصل دو حکومتوں میں نہیں بلکہ دو ست ممالک کی دو سیاسی جماعتوں کے مابین ہوا ہے جس میں نہ تو چین کا جھنڈا موجود ہے اور نہ پاکستان کا بلکہ تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی کے جھنڈے میز کی زینت بنائے گئے ہیں۔

لوگوں کی جانب سے تحریک انصاف پر یہ بھی تنقید کی جارہی ہے کہ انہوں نے پاکستان کی جگہ اپنا جھنڈا رکھا جبکہ چینی حکام نے اپنے ملک کا جھنڈا لگایا حالانکہ میز پر موجود سرخ جھنڈا کمیونسٹ پارٹی کا ہے جس میں کمیونزم کی نشانیاں ’درانتی اور ہتھوڑا‘ واضح طور پر دیکھی جاسکتی ہیں جبکہ چین کا قومی پرچم بھی ہے تو سرخ لیکن اس میں ستارے بنے ہوئے ہیں۔
بشکریہ ڈیلی پاکستان۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).