کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کی پسندیدہ شخصیات میں سے کتنے ہیں جو وِیگن ہیں؟


حال ہی میں یہ خبر سامنے آئی کہ انڈین کرکٹر وِراٹ کوہلی نے نہ صرف گوشت، مرغی، مچھلی کھانا چھوڑ دیا ہے بلکہ ایسی کوئی بھی چیز جو جانوروں سے حاصل کی گئی ہو، جیسے دودھ، دہی، پنیر، گھی، یہ سب بھی چھوڑ دیا ہے۔ بظاہر وہ پچھلے 4 ماہ سے ایسی ہی خوراک کھا رہے ہیں۔ ایسی خوراک کو ’وِیگن‘ خوراک کہتے ہیں اور پچھلے کچھ عرصے میں انڈیا میں بھی کئی جانی پہچانی شخصیات نے، جن میں فلم سٹارز، ایتھلیٹس اور کھلاڑی شامل ہیں، اسے اپنایا ہے۔

ویگنزم ہے کیا اور اس کے کیا فائدے ہیں؟

ویگن خوراک

جانوروں سے حاصل کی گئی اشیا کے بغیر خوراک کو پہلی بار 1944 میں ’ویِگن‘ خوراک کا نام برطانیہ میں لیسٹر ویجٹیرئین سوسائیٹی کے ایک رکن ڈونلڈ واٹسن نے دیا حالانکہ کہ اس سے پہلے بھی لوگ اس طرح کی خوراک کا استعمال کر رہے تھے۔ حالیہ کچھ برسوں میں سوشل میڈیا کی وجہ سے بھی اس خوراک کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا نظر آیا ہے اور کئی نمایاں شخصیات نے اس کا انتخاب کیا ہے۔ کچھ لوگ یہ کہتےہیں کہ یہ خوراک صحت کے لیے بہتر ہے تو کچھ یہ کہ اس سے جانوروں پر ظلم نہیں ہوتا۔

کون کون ویِگن؟

بات ویراٹ کوہلی کے ویگن بننے سے شروع تو ہوئی ہے لیکن آج آپ کو کچھ ایسے جانے پہچانے ناموں سے بھی ملواتے ہیں جنہیں آپ جانتے تو ہیں لیکن شاید یہ نہیں جانتے کہ وہ بھی ویگن ہیں!

عامر خان، اداکار

ویِراٹ کوہلی تو اب ویگن ہوئے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ’قیامت سے قیامت تک‘، ’سرفروش‘، لگان، ’منگل پانڈے‘ اور ’دنگل‘ جیسی فلمیں بنانے والے نہایت ہی مقبول اداکار اور فلم ساز عامر خان نے آج نہیں بلکہ 3 سال قبل ویِگن خوارک کو اپنایا۔ جی ہاں، نہ وہ گوشت کھاتے ہیں، نہ پیتے ہیں اور نہ ہی پراٹھے پر گھی لگاتے ہیں! انڈین اخبار انڈین ایکسپریس سے 2015 میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ باقی سب تو ٹھیک ہے لیکن وہ دہی کو بہت مِس کرتے ہیں! عامر خان نے یہ تبدیلی اپنی بیوی کرن راؤ سے متاثر ہو کر کی، جو خود بھی ویگن خوراک کھاتی ہیں۔

سونم کپور، اداکارہ

بالی وڈ کی مقبول اداکارہ اور فلم سٹار انیل کپور کی بیٹی سونم کپور کئی سال تک ’ویجیٹیرئین‘ یعنی گوشت، مرغی، مچھلی کے بغیر خوارک کھانے کے بعد 2017 میں ویِگن بن گئی تھیں۔ انڈین میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اس وقت کہا تھا کہ وہ خود گوشت وغیرہ نہیں کھاتیں لیکن جو کھاتے ہیں ان سے کوئی شکایت نہیں، اور یہ بھی ویِگن بننے کے بعد بھی انہوں نے اپنے چمڑے سے بنے کپڑے، بیگ اور جوتے استعمال کرنا بند نہیں کیا!

کنگنا رناؤت، اداکارہ

کُوین اور تنو ویڈس منو جیسی فلموں کی اداکارہ کنگنا کا تعلق پہاڑی ریاست ہماچل پردیش سے ہے جہاں اکثر لوگ گوشت وغیرہ کھاتے ہیں۔ تاہم کنگنا نے ممبئی آکر پہلے تو ’ویجیٹیرئین‘ خوراک اپنائی اور پھر 3 سال پہلے ویِگن۔ ’جب میں نے گوشت وغیرہ کھانا چھوڑ دیا تو مجھے احساس ہوا کہ دودھ اور دودھ سے بنی چیزوں سے مجھے ایسڈئڈیٹی ہونے لگی۔ اس لیے میں نے وہ سب بھی چھوڑ دیا ہے۔‘

رِچا چڈھا، اداکارہ

اداکارہ رچا چڈھا کئی برس تک ’ویجیٹیرئین‘ رہنے کے بعد 4 سال پہلے ویِگن بن گئیں۔ وہ کہتی ہیں کہ انہیں بچپن سے ہی جانوروں سے خاص لگاؤ تھا اور وہ یہ سوچ بھی سکتیں کہ ان کی بھوک مٹانے کے لیے وہ کسی جانور کی جان لیں گی، جبکہ ایسی کیے بغیر کھانے پینے کی اتنی چیزیں دستیاب ہیں۔ انڈین اخبار انڈین ایکسپریں میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں انہوں نے لکھا کہ ’تصور کریں کہ کوئی آپ کو پیدا کرے، آپ کی پرورش کرے صرف اس لیے کہ کوئی آپ کا چکن بریسٹ پیس بنائے!‘ بات تو ہے!

امیتابھ بچن، اداکار (فی الحال ویگن نہیں!)

سوپر سٹار امیتابھ بچن کئی سالوں سے ’ویجیٹیرئین‘ ہیں، لیکن ویگن نہیں، مگر جیسے جیسے بالی وڈ کے ’ویجیٹیرئین‘ ویگن بن رہے ہیں، آپ کو کیا لگتا ہے کیا وہ بھی کسی دن دودھ، دہی، گھی، مٹھائی چھوڑ کر ویِگن بنجائیں گے؟ یہ تو وقت ہی بتائے گا، لیکن انڈیا میں ’ویجیٹیرئین‘ اور ویگن شخصیات کی فہرست دراصل کافی طویل ہے۔ ہم یہاں کچھ نام آپ کے سامنے لائے تاہم انوشکا شرما، جان ایبراہم، عالیہ بھٹ، سوناکشی سنہا، شاہد کپور، انیل کمبلے، وریندر سہواگت اور انڈین وزیر اعظم نریندر مودی – سب یا تو ’ویجیٹیرئین‘ ہیں یا پھر ویِگن!

ہم نے یہ بھی سوچا کہ پاکستان میں جانے پہچانے ویِگنز کے نام بھی آپ کے سامنے لائیں، لیکن اندر کی بات تو یہ ہے کہ ہمیں ایسا کوئی نام ملا ہی نہیں۔ آپ کو ملے تو ہمیں ضرور بتائیے گا! فیس بک پر تلاش کیا تو ایک گروپ ملا، ’پاکستانی ویجیٹیرئینز‘ جس میں کوئی دو سو ممبر ہیں۔ جبکہ ’انڈین ویجیٹیرئینز‘ تلاش کیا تو ایک کبھی نہ ختم ہونے والی فہرست سامنے آگئی! تو ہمیں تو یہ لگتا ہے کہ پاکستان میں ویِگنزم کا ٹرینڈ زور پکڑنے میں شاید ابھی کچھ وقت لگے! آپ کو کیا لگتا ہے؟


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp