اداکارہ کیئرا نائٹلی کی اپنی بیٹی پر ’سنڈریلا‘ اور ’لٹل مرمیڈ‘ دیکھنے پر پابندی


کیئرا نائٹلی

ہالی وڈ اداکارہ کیئرا نائٹلی نے اپنی تین سالہ بیٹی پر ڈزنی فلمیں دیکھنے پر پابندی لگا رکھی ہے کیونکہ ان فلموں میں جس طرح سے خواتین کی عکاسی کی جاتی ہے وہ اس سے اتفاق نہیں کرتیں۔

ان کی بیٹی ایڈی نائٹلی ریٹن کو سنڈریلا اور ’لٹل مرمیڈ‘ دیکھنے کی اجازت نہیں ہے۔

کیئرا نائٹلی نے ایلن ڈی جینیرس کو بتایا کہ سنہ 1950 کی سنڈریلا ’ایک امیر لڑکے کا انتظار کرتی ہے تاکہ وہ اسے بچائے۔ ایسا نہ کریں! اپنے آپ کو خود بچائیں!‘

انھوں نے لٹل مرمیڈ کے بارے میں کہا: ’میرا مطلب ہے کہ اس کے گانے بہت اچھے ہیں، لیکن ایک مرد کے لیے گانا نہ چھوڑیں۔ ہیلو۔‘

ہالی وڈ اداکارہ نے مزید کہا کہ ’اور یہی ایک وجہ ہے جس کی وجہ سے میں ناخوش ہوں، مجھے یہ فلم بہت پسند ہے۔ مجھے لٹل مرمیڈ پسند ہے! یہ تھوڑا مشکل تھا لیکن میں اس سے دور رکھ رہی ہوں۔‘

کیئرا نائٹلی جو کہ خود بھی ڈزنی کی ہی ایک اور فرینچائز ’دی پائریٹس آف دا کیریبیئن‘ میں کام کر رہی ہیں، انھوں نے کہا کہ ان کے گھر پر تمام ڈزنی فلموں پر پابندی نہیں ہے۔

’فائنڈنگ ڈوری سب سے زیادہ پسندیدہ ہے اور فروزن، موآنا بالکل ٹھیک ہیں۔‘

ایک اور اداکارہ اور فروزن میں شہزادی اینا کا کردار ادا کرنے والی کرسٹن بیل بھی ڈزنی اور خواتین کی بحث میں شامل ہو گئی ہیں۔

انھوں نے پیرینٹنگ میگزین کو بتایا کہ سنو وائٹ سے بچوں کو اجازت سے متعلق غلط پیغام جاتا ہے۔

کرسٹین بیل

کرسٹین بیل کا کہنا ہے کہ سنو وائٹ سے بچوں کو اجازت سے متعلق غلط پیغام جاتا ہے

کرسٹن بیل نے اپنی دو بیٹیوں پانچ سالہ لنکولن اور تین سالہ ڈیلٹا کے حوالے سے کہا: ’جب بھی ہم سنو وائٹ بند کرتے ہیں تو میں اپنی بیٹیوں کی طرف دیکھ کر پوچھتی ہوں، آپ کو نہیں لگتا کہ یہ تھوڑا عجیب ہے کہ سنو وائٹ نے بوڑھی جادوگرنی سے نہیں پوچھا کہ اسے سیب کیوں کھانا چاہیے۔‘

’یا اسے یہ سیب کہاں سے ملا؟‘

انھوں نے مزید کہا: ’آپ کو نہیں لگتا کہ یہ عجیب ہے کہ شہزادہ سنو وائٹ سے اجازت لیے بنا اسے بوسہ کرتا ہے۔‘

’کیونکہ آپ کسی کو بوسہ نہیں کرسکتے جب کہ وہ سو رہا ہو۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32556 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp