دنیائے کرکٹ نے محمد عباس کو نیا بہترین فاسٹ باؤلر مان لیا: کرکٹ لیجنڈز ششدر رہ گئے


 

ابوظبہی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے چوتھے روز فاسٹ باؤلر محمد عباس نے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے۔ محمد عباس نے میچ میں 95 رنز دے کر دس وکٹ حاصل کئے۔ پچھلے دس برس میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان کے کسی فاسٹ باؤلر نے ٹیسٹ میچ میں دس وکٹیں  لی ہیں۔ محمد عباس کی اس کارکردگی کی بدولت پاکستان نے میچ کے چوتھے روز ہی مقابلہ 373 رنز سے جیت لیا۔ محمد عباس یو اے ای کی کسی ٹیسٹ سیرز میں سترہ وکٹیں لینے والے پہلے فاسٹ باؤلر بن گئے۔ انہین مین آف دی سیریز قرار دیا گیا ہے۔

دنیائے کرکٹ کے لیجنڈ سابق کھلاڑیوں نے اس کارکردگی پر محمد عباس کو شاندار لفظوں میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے 88 ٹیسٹ میچوں میں 421 وکٹیں لینے والے ڈیل سٹین نے لکھا ہے کہ وہ دنیائے کرکٹ میں ایک نیا نمبر ون باؤلر پیدا ہوتے دیکھ رہے ہیں۔

82 ٹیسٹ میچوں میں 18 سنچریاں بنانے والے انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ اگر انہیں محمد عباس کا سامنا کرنا پڑتا تو وہ چھ گیندوں کے اندر اندر آؤٹ ہو جاتے۔

انگلینڈ کی طرف سے 68 ٹیسٹ میچوں میں 4000 سے زیادہ رنز بنانے والے پال کالنگ وڈ نے بتایا ہے کہ گزشتہ دنوں ایک کاؤنٹی میچ میں محمد عباس نے انہیں پہلی گیند پر آؤٹ کر دیا۔ دوسری اننگز کی پہلی گیند پر بھی ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل ہوئی۔ وہ بال بال بچ گئے لیکن محمد عباس نے انہیں قریب قریب دو دفعہ پہلی ہی گیند پر آؤٹ کر دیا تھا۔

 

 

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).