کھڑکیاں کھلی رکھنے کا وہ فائدہ جو ہم نہیں جانتے تھے


دن کے وقت کھڑ کیاں کھولنے کا بہت بڑا فائدہ سائنسدانوں نے بتا دیا۔۔۔دھوپ واقعی ایک بڑی نعمت ہے۔۔۔ کیا فائدہ ہے ؟ جانئے

سورج کی روشنی کے بغیر کرہ ارض پر زندگی کا وجود ممکن نہیں مگر بدقسمتی کی بات ہے کہ جدید دور میں ہم اس قدرتی نعمت سے محروم ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ لوگ سارا دن کمروں کے اندر گزارتے ہیں، اور کمرے بھی ایسے جن میں سورج کی روشنی براہ راست پہنچنے کا کوئی انتظام نہیں ہوتا۔ دوسری جانب سائنسدان خبردار کر رہے ہیں کہ کمروں کے اندر سورج کی روشنی کا داخل ہونا ازحد ضروری ہے کیونکہ کمروں میں داخل ہونے والی سورج کی روشنی ہی اندر چھپے بیکٹیریا کو ختم کر سکتی ہے۔

سائنسی جریدے Microbiome میں اوریگن یونیورسٹی کے سائنسدانوں کی ایک تحقیق شائع ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تاریک پڑے رہنے والے کمروں میں مضر صحت بیکٹیریا کی شرح تقریباً 12 فیصد ہوتی ہے، جبکہ اس کے برعکس جن کمروں میں دھوپ داخل ہوتی ہے ان میں مضر صحت بیکٹیریا کی شرح اس سے تقریباً آدھی یعنی 6.8 فیصد پائی گئی۔

ڈاکٹر فیمیورس نے اس تحقیق کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ہم لوگ زیادہ تر وقت کمروں کے اندر گزارتے ہیں جہاں دھول مٹی کے ذرات میں بیکٹیریا چھپے ہوتے ہیں۔ یہ بیکٹیریا طرح طرح کی بیماریاں پیدا کرتے ہیں جن میں جلد کی بیماریوں سے لے کر سانس کی بیماریاں تک شامل ہیں۔ کمروں کے اندر پائے جانے والے بیکٹیریا کا یہ تناسب واضح طور پر کم کیا جاسکتا ہے اگر ہم سورج کی روشنی کو کمروں کے اندر داخل ہونے دیں۔ ہمارے مطالعے سے ثابت ہوا ہے کہ پرانے وقتوں میں جب ایسے گھر بنائے جاتے تھے جن کے کمروں میں روشنی براہ راست داخل ہوسکتی تھی تو یہ ایک اچھی حکمت عملی تھی۔ ہمیں اپنے سکولوں، دفاتر، ہسپتالوں اور گھروں کو اس طرح تعمیر کرنا چاہیے کہ سورج کی روشنی براہ راست کمروں میں داخل ہوسکے تاکہ ہم بیماریوں اور انفیکشن سے محفوظ رہ سکیں۔‘‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).