جنسی ہراسانی کے الزامات: انو ملک کو’’ انڈین آئیڈل ‘‘ سے باہر کر دیا گیا


بالی ووڈ کے معروف میوزک کمپوزر انو ملک پر متعدد خواتین کی جانب سے جنسی ہراساںی  کے الزام عائد کئے جانے کے بعد انہیں ’’ انڈین آئیڈل ‘‘ سے باہر کر دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق انڈین آئیڈل 5 کی ایک سابق ٹیم ممبر سمیت متعدد خواتین کی جانب سے جنسی ہراساں کیے جانے کے انکشافات کے بعد بھارت کے سونی ٹیلی ویژن نے اعلان کیا ہے کہ انو ملک بحیثیت جج انڈین آئیڈل کا حصہ نہیں ہوں گے۔ واضح رہے کہ پروڈیوسر ڈینیکا ڈسوزا نے انکشاف کیا تھا کہ 2010 میں انہوں نے انو ملک کے ساتھ ایک سال تک ریئلٹی شو انڈین آئیڈل میں کام کیا تھا، لیکن اس دوران انو ملک کا رویہ سب کے سامنے غیر اخلاقی تھا، جس کا سینیئرز کو بھی پتہ تھا لیکن وہ انجان بنے رہے۔

رپورٹ کے مطابق انو ملک پر سب سے پہلے جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام گلوکارہ سونا موہپاترا نے عائد کیا تھا، جس کے بعد شوئتا پنڈت نے بھی انکشاف کیا کہ وہ بھی انو ملک کے ہاتھوں جنسی ہراسانی کا شکار ہوچکی ہیں۔ دوسری جانب انو ملک نے جنسی ہراساں کیے جانے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).