مومنہ مستحسن اور شیریں مزاری کی ٹویٹر پر جنگ


کوک اسٹوڈیو سیزن 11 میں پیش کیے گئے احد رضا میر اور مومنہ مستحسن کے گانے ‘کوکو کورینا’ پر وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کا تبصرہ گلوکارہ مومنہ کو پسند نہیں آیا ہے اور سوشل میڈیا پر دونوں کے درمیان نوک جھونک ہوگئی۔

کوک اسٹوڈیو سیزن 11 میں احد رضا میر کا ڈیبیو گانا ’کوکو کورینا‘ 19 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا، جس میں انہوں نے گلوکارہ مومنہ مستحسن کے ساتھ گلوکاری کی تھی۔

’کوکو کورینا‘ لیجنڈری چاکلیٹی ہیرو وحید مراد پر فلمایا گیا احمد رشدی کا گانا ہے جو آج تک مقبول ہے، تاہم کوک اسٹوڈیو میں پیش کیا گیا اس گانے کا ریمیک ورژن مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام ہوگیا۔

دوسری جانب شیریں مزاری نے کوکو اسٹوڈیو کا ‘کوکو کورینا’ سننے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے اپنے جذبات کا ‘بھرپور انداز’ میں اظہار کیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے لکھا، ‘خوفناک! ایک عظیم کلاسک کو تباہ کر دیا گیا- کوک اسٹوڈیو نے اس کلاسک گانے کے اس طرح سے قتل عام کی اجازت آخر کیوں دی؟’

گلوکارہ مومنہ مستحسن وفاقی وزیر کی تنقید برداشت نہیں کرسکی ہیں اور اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ آپ کے جذبات مجروح کرنے کے لئے معذرت، یہ آپ کا حق ہے کہ آپ ہمیں جانچیں اور اپنا غصہ نکالیں، اسی طرح ہمارا حق ہے کہ آزادی اظہارِ رائے کو استعمال کریں، بطور وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق آپ کو کوک اسٹوڈیو کو سراہنا چاہیے جس نے ہمیں اپنے جذبات کے اظہار کا موقع دیا۔

اس کے جواب میں وفاقی وزیر شیریں مزاری نے ٹوئٹ میں کہا کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے اور یہ سیاسی معاملہ نہیں ہے تو اس میں وزارت کہاں سے آگئی؟

اس کے جواب میں مومنہ مستحسن نے ایک اور ٹوئٹ کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ جب آپ سرکاری عہدہ سنبھالتے ہیں تو یہ سیاست کے لیے نہیں ہوتا بلکہ یہ صرف ملک کے لیے ہوتا ہے، آپ اب صرف اپنی یا تحریک انصاف کی نہیں بلکہ ہم سب کی نمائندہ ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ایسے وقت میں کہ جب ہم سائبر کرائم اور نفرت انگیز تقاریر کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، برائے مہربانی آپ انہیں مزید نہ بھڑکائیں۔

اس ٹوئٹ کے جواب میں وفاقی وزیر انسانی حقوق نے کہا کہ کسی گانے کو پسند کرنا یا نہ کرنا ذاتی معاملہ ہے اور مجھے یہ گیت پسند نہیں آیا۔

واضح رہے کہ شائقین نے جہاں احد رضا میر کی گلوکاری کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، وہیں سب نے مل کر کوک اسٹوڈیو سیزن 11 کے پروڈیوسرز زوہیب قاضی اور علی حمزہ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔

دوسری جانب ’آفریں آفریں‘ گانے سے مشہور ہونے والی گلوکارہ مومنہ مستحسن کو بھی منفی تبصروں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

گانے کے سوشل میڈیا پر ریلیز ہوتے ہی صارفین کا کہنا تھا کہ اگر احد رضا میر اور مومنہ مستحسن اسٹائل سے زیادہ اپنی گلوکاری پر توجہ دیتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔
دوسری جانب صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا پر گانے پر تبصروں اور میمز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
بشکریہ جیو نیوز۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).