صحافی جمال خاشقجی کی باقیات مل گئیں: برطانوی میڈیا


برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی کی باقیات استنبول میں سعودی قونصل جنرل کے گھر سے مل گئی ہیں۔

برطانوی ٹی وی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل ہونے والے صحافی کی لاش قونصل جنرل کے گھر کے لان سے ملی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمال خاشقجی کی لاش کا چہرہ مسخ اور مکمل جسم ٹکڑوں میں ملا ہے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے آج پارلیمنٹ سے خطاب میں سعودی صحافی کے حوالے سے کہا تھاکہ جمال خاشقجی کا قتل ہوا ہے تو پھر لاش کہاں گئی؟

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترک ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو میں اس بات پر اتفاق کیا تھاکہ سعود ی قونصلیٹ کو صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے معاملے پر وضاحت دینی چاہیے۔

سعودی صحافی کے قتل کے معاملے پر سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھاکہ جمال خاشقجی کے معاملے میں بہت بڑی غلطی ہوئی ہے ،یہ معاملہ چھپانا مزید غلطی تھی۔ جمال خاشقجی کو 2 اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل کیا گیا تھا ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).