نیو خان بس کا ایک یادگار چورن فروش


میرے بھائی، میرے بیٹے، پیارے دوستو
السلام علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ

اللہ آپ سب کو اپنی اپنی منزل پر بخیر و عافیت پہنچائے۔ بقول شاعر
صبح ہوتی ہے شام ہوتی ہے۔ زندگی یونہی تمام ہوتی ہے۔
میں کوئی مانگنے والا نہیں۔ چاچا جی ادھر توجہ کریں۔ بیٹے غور سے سنیں۔

مجبوری انسان کو عزت نفس قربان کرنے پر مجبور کر دیتی ہے۔ بھائی جان ذرا بیٹھ جائیں۔ پیچھے والے مسافروں سے التماس ہے توجہ فرمائیں۔ میرے پاس وقت کم ہے۔ ابھی کئی دوسری بسوں میں بھی سودا بیچنے جانا ہے۔

آپ دیکھ رہے ہیں کہ میں ایک صحت مند آدمی ہوں۔ مانگنے والا نہیں ہوں۔ میں بھی مانگنے کو دنیا کا ذلیل ترین فعل سمجھتا ہوں۔ بلکہ کچھ عرصہ پہلے ایسے لوگوں پر باقاعدہ لفظی گولہ باری کیا کرتا تھا۔ بس وقت وقت کی بات ہے۔ آج، آپ کی خدمت میں ایک انمول تحفہ لے کر حاضر ہوا ہوں۔ بیٹے محمد ادھر دیکھیں۔ میں آپ کے پاس حاضر ہوا ہوں کہوٹہ کا بنا ہوا لاجواب چورن لے کر۔

ملک صاحب توجہ۔
یہ چورن ہمارا صدری نسخہ ہے۔ سینہ بہ سینہ ہمارے بزرگوں نے حکمت اور یونانی میڈیکل سائنس کے ذریعے یہ ایجاد اپنی اولاد میں منتقل کی۔ زمانہ لیکن انسان سے کیا کیا کرا دیتا ہے۔
شاعر نے کیا خوب کہا ہے کہ
بدلتا ہے رنگ آسمان کیسے کیسے
زمین کھا گئی آسمان کیسے کیسے۔ (ایک مرتبہ پھر شاعری کی ٹانگیں توڑی گئیں)۔

تو میں یہ بتا رہا تھا کہ اللہ نے آپ کو بہت نوازا ہے۔ اللہ برا وقت کسی پر نا لائے۔ عزت سادات بھی چلی جاتی ہے۔ انسان اگر غیرت مند ہو تو کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہتا۔ میں کوئی سکول سے بھاگا ہوا لڑکا نہیں۔ میں ایک تعلیم یافتہ بندہ ہوں۔ سپورٹس میں بھی بڑا نام کمایا۔ آج بھی اسی کا کھا رہا ہوں۔ لیکن تقدیر کے ہاتھوں مجبور ہوں۔ یہ دیکھیں۔ یہ چورن بڑے سے بڑے دائمی مریض کو ایک دم بھلا چنگا کر دیتا ہے۔ مگر میرا چھوٹا بھائی اسد شدید ترین پیچیدہ مسائل کا شکار ہے۔ ملک میں کسی علیم ترین ڈاکٹر کے پاس بھی اس کے مسئلے کا حل نہیں۔ تمام لوکل ادویات فیل ہو چکی ہیں۔

ڈاکٹروں نے کہا ہے فوری طور پر بیرون ملک سے ٹرانسپلانٹ نا ہوا تو اس کی جان کو خطرہ ہے۔ گردہ بھی چاہیے اور آپریشن کے لیے رقم بھی۔ تو بھائی جان صرف کمپنی کی مشہوری کے لیے اپنے بزرگوں کا خاص الخاص تحفہ، یہ بیش قیمت چورن لے کر آپ کے پاس حاضر ہوا ہوں۔ ملک ملک کی خاک چھاننے کے بعد ہمارے جد امجد نے یہ خصوصی نسخہ کہوٹہ کی پہاڑیوں میں محنت شاقہ سے تیار کیا تھا۔ مہربان دوستوں کی خدمت میں اس کے خواص حاضر ہیں۔

مرض نیا ہو یا پرانا، دائمی ہو یا موسمی، شرقی ہو یا غربی، ملکی ہو یا بین الاقوامی۔ بس ایک پھکی اور لاجواب سروس۔ مرض جڑ سے غائب۔ آپ کا یہ بھائی محض انسانیت کی خدمت کے لیے یہ چورن انتہائی ارزاں قیمت پر آپ کو پیش کرتا ہے۔ فواد ذرا ملک صاحب کو سیمپل دکھانا۔ یہ استعمال نا بھی ہو صرف گھر میں موجودگی سے کتنے امراض رفع ہو جاتے ہیں۔
بد ہضمی کا علاج۔ پانی میں ایک پڑیا حل کرکے مریض کو پلا دیں۔ شورش، معذرت، معدے کی سوزش ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گی۔

ملک صاحب۔ چہرے پر بدنما داغ ہوں، چھائیاں ہوں یا کیل مہاسے، آدھی چمچی اپنے گھر کے تیل میں ملا کر لگا لیجیے۔ فوری آرام نا آئے تو پیسے واپس۔
نشان ہمیشہ کے لیے ختم۔

پشت پر اگر پت ہو یا گردن پر خارش دونوں کے لیے برابر مفید ہے۔
جسم کے کسی حصے پر کوئی اندرونی یا بیرونی سوزش ہو تو چورن کی ایک پھکی میں ہلدی برابر مقدار میں لے کر لیپ کر دیں۔ اپنے پیارے لوگوں کا جلد اور فوری علاج۔
مہربان قدردان۔ بھیک مانگنے والا نہیں ہوں۔ اسد کے گردے فیل ہونے سے بچانے ہیں۔
اپنی استطاعت کے مطابق مدد فرمائیں۔ مولا آپ کے رزق میں برکت عطا فرمائے۔

شاعر نے کیا خوب کہا تھا۔
آگاہ اپنی موت سے کوئی بشر نہیں۔
سامان سو برس کا ہے پل کی خبر نہیں۔

دنیا کا مال دنیا میں ہی رہ جانا ہے۔ انسان کا آخری ٹھکانا قبر ہے۔ بادشاہ کا محل ہو یا فقیر کی جھونپڑی، قبر سب کی دو گز کی ہے۔ مال انسان کا وہی ہے جو صدقہ خیرات کر دیا۔ دل کھول کر امداد فرمائیں۔ اللہ آپ کے بچوں کو بری نظر سے بچائے۔

نظر بد سے بری چیز کوئی نہیں۔ شریکوں کا حسد ہنستے بستے خاندان اجاڑ دیتا ہے۔ بچے باپ کی وراثت سے محروم ہو جاتے ہیں۔ نظر بد کا علاج بھی میرے پاس موجود ہے۔ لال کرتی کا سپیشل سرمہ۔ ایک سلائی آنکھوں میں لگائیں۔ دھندلا نظر آنا بند ہو جائے گا۔ یمنی ککرے ہوں، یا فارسی موتیا۔ آنکھوں کے جملہ امراض کا شافی علاج۔ بزرگوں کا یہ نسخہ بھی انتہائی ارزاں نرخوں پر دستیاب ہے۔ یہ سرمہ آپ کو ہماری دکان کے علاوہ دنیا کی کسی دکان سے نہیں ملے گا۔ نظر بد کا خطرہ ہو تو سرمہ کا ایک ٹیکا چاند سے شہزادے کے گال پر لگا دیں۔ انشا اللہ کبھی نظر نہیں لگے گی۔

نظر بد اور ہر قسم کے کالے جادو کی کاٹ کے لیے بھی فقیر سے رابطہ فرمائیں۔ امریکہ، روس، شام، بنگال کے کالے علم کا بنی گال کے موکل جنات کے ذریعے توڑ۔ منی بیک گارنٹی کے ساتھ۔
شاہ صاحب میرے ساتھ آئے ہیں۔ خالص ملتانی سوہن حلوہ لے کر۔ شاہ جی ذرا بیگ سے خاک شفا نکالیں۔ ملک صاحب، یہ دیکھیں۔ یہ خاکی دوا دنیا کی موثر ترین دوا ہے۔ تمام مخصوص امراض کا علاج۔ صرف بالغ حضرات ہی طلب فرمائیں۔ اس کا کوئی مول نہیں۔ پیسے کے بدلے خاک شفا کو بیچنا توہین سمجھتا ہوں۔ البتہ مقدس کرنسی میں، جو بھی ہدیہ، محبت سے پیش کر سکیں، مولا قبول فرمائے گا۔ لیکن صرف انتہائی اشد ضرورت میں استعمال فرمائیں۔ بچے بھی بس میں سوار ہیں۔ ۔ استعمال کرنے کے خواہشمند حضرات پرچہ لکھ کر یا ایک فون کال پر استعمال کا طریقہ کار سمجھ لیں۔

فون نمبر نوٹ فرما لیں
صفر تین آگے نو صفر۔
03000000000
اسد کے گردے کا باہر سے ٹرانس پلانٹ کرانے میں مجبور بھائی کی مدد فرمائیں۔

اللہ آپ اور آپ کی اولاد کو ہر آزمائش سے محفوظ رکھے۔
ہاں جی بھائی جان۔
بولیں جی۔ ایک چورن، دو سرمے، ایک ڈبہ خاک شفا۔ ہدیہ حسب توفیق۔
ماشا اللہ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).