سکردو میں صدر مملکت عارف علوی کا پچاس لاکھ روپے میں ناشتہ: صدر نے موقف دے دیا


صدر مملکت عارف علوی نے کچھ روز قبل گلگت بلتستان کا دورہ کیا جہاں وہ سکردو بھی گئے جس کے بعد ایک مقامی اخبار نے دعویٰ کیا کہ سکردو انتظامیہ کو عارف علوی کا ناشتہ 50 لاکھ روپے میں پڑا۔ اخبار میں چھپنے کے بعد یہ خبر ہر طرف پھیل گئی تاہم اب صدر عارف علوی نے اس حوالے سے اپنا موقف دے دیا ہے اور ایسی حیران کن بات کہہ دی ہے کہ جان کر وزیراعظم عمران خان بھی حیران رہ جائیں گے۔

صدر مملکت عارف علوی نے اس حوالے سے اپنا موقف معروف صحافی ندیم ملک کے پروگرام میں دیا اور اس حوالے سے ندیم ملک نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ صدر کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے تمام خرچ اپنی جیب سے ادا کیا۔ ندیم ملک نے صدر عارف علوی کی اور ان کی جانب سے پیش کیا جانے والے بل کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان نے صدر مملکت سے 50 لاکھ روپے کے ناشتے سے متعلق حقیقت پوچھی تو انہوں نے یہ بل دکھاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہاں ان کے اور اہل خانہ کے ہونے والے تمام اخراجات جیب سے برداشت کئے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے جو بل پیش کیا گیا ہے اس کے مطابق 50 ہزار500 روپے کی رقم رہائش کی مد میں ادا کی گئی جبکہ اس میں ناشتے کا کوئی ذکر نہیں۔ اس کے علاوہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ صدر مملکت کا ناشتہ سکردو انتظامیہ کو 50 لاکھ روپے میں پڑا جبکہ صدر عارف علوی کی جانب سے جو بل پیش کیا گیا ہے اس میں کھانے کے حوالے سے کوئی ادائیگی شامل نہیں ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).