ہوائی جہاز کے سفر میں سب سے گندی اور جراثیم والی جگہ وہ ہوتی ہے جو آپ اب تک سوچ بھی نہیں سکتے تھے


ہوائی جہاز میں سب سے گندی جگہ کون سی ہوتی ہے؟ وہ بات جو آپ کو سفر سے پہلے ضرور معلوم ہونی چاہیے

 

ہوائی جہاز بظاہر تو بہت صاف ستھرا نظر آتا ہے مگر اس کی ظاہری چمک دمک سے دھوکہ مت کھائیں۔ سچ تو یہ ہے کہ ہوائی جہاز میں جراثیموں کی کثرت ہوتی ہے، اور خاص طور پر اس کے کچھ حصے ایسے ہوتے ہیں جنہیں جراثیموں کی آماجگاہ کہا جائے تو غلط نہ ہو گا۔ تو ہوائی جہاز میں وہ کون سی جگہ ہے جہاں سب سے زیادہ جراثیم ہوتے ہیں، فضائی کاروبار پر نظر رکھنے والی تحقیقاتی کمپنی مارکیٹ پلیس نے یہ جاننے کے لئے ایک تحقیق کروائی، جس کے حیران کن نتائج جاری کر دئیے گئے ہیں۔

ڈیلی سٹار کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران کینیڈا کے شہروں اوٹاوا اور مانٹریال کے درمیان سفر کرنے والی 19مختلف پروازوں میں جا کر تحقیق کاروں نے طیارے کی آلودہ ترین جگہ معلوم کرنے کے لئے ایک تحقیق کی ہے۔ اس تحقیق کے مطابق سیٹ کا ہیڈ ریسٹ، یعنی سیٹ کا وہ حصہ جہاں مسافر اپنا سر ٹکاتے ہیں، طیارے میں آلودہ ترین حصہ ہوتا ہے کیونکہ جتنے جراثیم اس جگہ پر پائے جاتے ہیں اتنے طیارے کے کسی اور حصے میں نہیں پائے گئے۔

اس تحقیق کے دوران جن حصوں کا جائزہ لیا گیا ان میں سیٹ بیلٹ، ٹرے ٹیبل، سیٹ پاکٹ اور واش روم ہینڈل کے ساتھ ہیڈریسٹ بھی شامل تھا۔ اگرچہ عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ واش روم اور ٹرے ٹیبل پر سب سے زیادہ جراثیم ہوتے ہیں لیکن تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہیڈ ریسٹ جراثیموں کی تعداد کے لحاظ سے کسی بھی اور حصے سے آگے ہیں۔ یہ تحقیق یونیورسٹی آف گوئلف کینیڈا کے سائنسدانوں نے کی اور اس تحقیق کی سربراہی مائیکرو بیالوجسٹ کیتھ وارینر نے کی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).