تحریک لبیک اور حکومت کے درمیان معاہدہ ہو گیا، معاہدے میں بڑا قانونی نقص


حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان احتجاج ختم کرنے کے حوالے سے مذاکرات کامیاب اور 5 نکاتی معاہدہ طے پا گیا ہے۔ وفاقی حکومت، پنجاب حکومت اور تحریک لبیک کے معاہدے پر حکومتی ٹیم اور تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے دو، دو نمائندوں کے دستخط موجود ہیں۔

اہم بات یہ ہے کہ معاہدے کی دستاویز میں آسیہ بی بی کا نام ہر جگہ عاصیہ بی بی لکھا گیا ہے جو اس کے نام کا درست املا نہیں۔ تحریک لبیک اپنے احتجاجی بینرز پر آسیہ بی بی کے نام کا یہی املا استعمال کرتی رہی ہے۔ عاصیہ عربی زبان میں گناہگار کو کہا جاتا ہے۔ قانونی ماہرین نے رائے دی ہے کہ معاہدے کی دستاویز میں دانستہ یا نادانستہ طور پر عدالت عظمیٰ سے بری ہونے والی خاتون کا نام غیر درست لکھنے سے معاہدے کی قانونی حیثیت پر سوالیہ نشان پیدا ہو جائے گا کیونکہ معاہدے سے انحراف کا خواہشمند فریق یہ موقف اختیار کر سکتا ہے کہ معاہدے میں مذکورہ عاصیہ بی بی کا عدالت عظمیٰ سے 31 اکتوبر کو بری ہونے والی آسیہ بی بی سکنہ ننکانہ سے کوئی تعلق نہیں۔

سوال یہ ہے کہ کیا معاہدے پر دستخط کرنے والے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور صاحبزادہ ڈاکٹر نور الحق اور صوبائی وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے آسیہ مسیح کو گنہگار مان لیا ہے یا پھر ان کو آسیہ اور عاصیہ کے درمیان فرق کا علم نہیں ہے؟ یا پھر انہوں نے جان بوجھ کر معاہدے میں  یہ قانونی نقص پیدا کیا ہے؟

حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور صاحبزادہ ڈاکٹر نور الحق اور صوبائی وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت جب کہ تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے تنظیم کے سرپرست اعلیٰ پیر افضل قادری اور مرکزی ناظم اعلیٰ محمد وحید نور نے دستخط کیے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے اور دھرنا ختم کرنے کا اعلان کچھ دیر بعد لاہور میں حکومتی ٹیم اور علماء کے وفد کی مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔

  • 5 نکاتی معاہدے کے نکات:
    عاصیہ مسیح کے مقدمے میں نظرثانی کی اپیل دائر کر دی گئی ہے جو کہ مدعا علیہان کا قانونی حق و اختیار ہے۔ جس پر حکومت معترض نہ ہو گی۔
  • عاصیہ بی بی کانام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے کارروائی کی جائے گی۔
  • عاصیہ مسیح کی بریت کے خلاف تحریک میں اگر کوئی شہادتیں ہوئی ہیں ان کے بارے میں فوری قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
  • عاصیہ کی بریت کے خلاف 30 اکتوبر اور اس کے بعد گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے گا
  • اس واقعے کے دوران جس کسی کی بلاجواز دل آزاری یا تکلیف ہوئی ہو تو تحریک لبیک معذرت خواہ ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).