کیا فیس بک میسنجر سے آپ کے پرایئویٹ پیغامات کوئی اور چوری کر چکا ہے؟


12 کروڑ فیس بک صارفین کے میسنجر پر ذاتی پیغامات چوری ہوگئے

 

دنیا کے سب سے بڑے سوشل میڈیا نیٹ ورک فیس بک کے صارفین کے لئے اس نیٹ ورک کی تاریخ کی سب سے بُری خبر آ گئی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق 12کروڑ سے زائد فیس بک صارفین کے پرائیویٹ میسجز کا ڈیٹا چوری ہوگیا ہے۔ یہ پرائیویٹ میسجز ہیکروں کے ہاتھ لگ چکے ہیں اور وہ ان کے ذریعے صارفین کو بلیک میل بھی کررہے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اب تک 81ہزار سے زائد اکاﺅنٹس کے پرائیویٹ نوعیت کے میسج انٹرنیٹ پر لیک کئے جاچکے ہیں۔ سب سے زیادہ یوکرین اور روس سے تعلق رکھنے والے فیس بک صارفین کا ڈیٹا چوری ہوا ہے جبکہ اس کے علاوہ برطانیہ، امریکہ، برازیل اور دیگر ممالک کے صارفین کے پرائیویٹ میسجز بھی چوری ہوئے ہیں۔

انٹرنیٹ پر ہیکروں کے ایسے اشتہارات بھی سامنے آرہے ہیں جن میں وہ 10سینٹ، یعنی تقریباً 13 روپے، فی اکاﺅنٹ کے حساب سے صارفین کا پرائیویٹ ڈیٹا فروخت کے لئے پیش کر رہے ہیں۔ چوری شدہ کسی بھی اکاﺅنٹ کے میسجز تک رقم ادا کر کے رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ آئی ٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ فیس بک کا ڈیٹا ستمبر کے مہینے میں چوری ہوا تاہم فیس بک کی جانب سے اس بات کو تسلیم کرنے سے انکار کیا گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).