کیا 21 لاکھ خرچ کر دینے کے بعد اسے بہترین مرد حاصل ہو گیا؟


وہ خاتون جس نے اپنے لئے بہترین مرد کی تلاش پر 21لاکھ روپے خرچ کردئیے

 

بہترین شریک حیات کی تلاش تو ہر خاتون کو ہوتی ہے لیکن آپ یہ سن کر دنگ رہ جائیں گے کہ برطانیہ میں ایک خاتون نے اس کام پر 21لاکھ روپے خرچ کر ڈالے ہیں اور پھر بھی اسے اچھا جیون ساتھی تو نہیں ملا، الٹا ہرجانے کے مقدمے کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے۔میل آن لائن کے مطابق 47سالہ ٹیریزا برکی نامی اس خاتون نے شریک حیات کی تلاش کے لیے بین الاقوامی ڈیٹنگ ایجنسی ’سیونٹی تھرٹی‘ کی ممبرشپ حاصل کی اور انہیں 12ہزار 600پاﺅنڈ (تقریباً 21لاکھ 86ہزار روپے) فیس ادا کی لیکن کئی ماہ گزرگئے لیکن ایجنسی اس کے لیے اس کی پسند کا مرد تلاش کرنے میں ناکام رہی۔

رقم کے اس نقصان پر دلبرداشتہ ہو کر ٹیریزا نے گوگل ریویو میں جا کر ایجنسی کی کارکردگی پر ایک منفی کمنٹ کر دیا، جس میں اس نے بتایا کہ ”اتنی زیادہ رقم دینے کے باوجود ایجنسی میرے شریک حیات نہیں تلاش نہیں کر سکی، اب مجھے پتا چلا ہے کہ اس کے پاس صرف 100ایکٹو مرد رکن ہیں اوریہ ایک فراڈ ایجنسی ہے۔“ اس کمنٹ کی وجہ سے ایجنسی کی مالک سوزی ایمبروس نے ہائی کورٹ میں اس کے خلاف 5ہزار پاﺅنڈ (تقریباً 8لاکھ 67ہزار روپے) ہرجانے کا مقدمہ دائرکروا دیا ، جس میں اس نے موقف اختیار کیا کہ اس کے کمنٹ سے ایجنسی کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔ تاہم اب عدالت نے ٹیریزا کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے اور وہ ہرجانے سے بچ گئی ہے۔

تین ماہ تک عدالتوں کے چکر کاٹنے کے بعد اب ٹیریزا کا کہنا ہے کہ ”پہلے میں سہانے مستقبل کے خواب دیکھتی تھی، دو ناکام شادیوں کے بعد میری خواہش تھی کہ میں تیسری شادی کروں اور مزید ایک بچہ پیدا کروں لیکن ان لوگوں سے ملنے کے بعد اب میں ایسا سوچتے ہوئے بھی خوفزدہ ہو جاتی ہوں۔ اس خوف کے باعث اب میں نے سہانے مستقبل کے خواب دیکھنے بھی چھوڑ دیئے ہیں۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).