تلوار مارکہ احتجاجی کارکن سمیت متعدد افراد گرفتار: خادم رضوی اور افضل قادری وغیرہ کے خلاف 92 مقدمات درج


حالیہ احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف ملک بھر میں 92 مقدمات درج کر لئے گئے۔ کریک ڈاؤن کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسلام آباد سے گیارہ، کراچی سے دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

دھرنوں کے دوران احتجاج کی آڑ میں ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ ہو گیا، ملزمان کی تصاویر سے نشاندہی، ملک بھر میں 61 مقدمات درج کر لئے گئے۔ احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف لاہور میں گیارہ مقدمات درج کئے گئے جن میں خادم حسین رضوی، پیر افضل قادری اور 500 سے زائد دیگر نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے، فیصل آباد میں 34 ، ضلع قصور میں 12، اسلام آباد میں 2 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں جس میں دہشت گردی کی دفعات شامل بھی ہیں۔

کراچی میں ہنگامہ آرائی میں ملوث نامعلوم افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں 12مقدمات درج کئے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے مشتعل افراد کی سی سی ٹی وی، سوشل میڈیا پرچلنے والی ویڈیوزسے شناخت ہو گی جس کے بعد ان کی گرفتاری کا عمل شروع کیا جائے گا۔ کورنگی میں دھرنےاورہنگامہ آرائی میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ قابل ذکر امر یہ ہے کہ گرفتار افراد میں تحریک لبیک کا وہ کارکن بھی شامل ہے جو تلوار اٹھائے ٹریفک روکتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ واضح رہے کہ مولوی خادم رضوی نے گھیراؤ جلاؤ میں ملوث افراد سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا۔

دوسر ی طرف وزارت داخلہ نے احتجاج کی آڑ میں توڑ پھوڑ کرنے والے ملزمان کی تصاویر جاری کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔ یہ تصاویر سپیشل برانچ اور دیگر ذرائع سے موصول ہوئی تھیں۔ وزارت داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شرپسندوں کی شناخت میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کیا جائے جبکہ ملزمان کی شناخت ہونے پر ایف آئی اے اور پولیس کو فوری کارروائی کے احکامات دیئے گئے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).