قاسمی صاحب پر پی ایچ ڈی کرنے والے بھی نااہل ہو جائیں گے؟ پرویز رشید


مسلم لیگ نون کے سینیٹر پرویز رشید کہتے ہیں کہ عطاالحق قاسمی صاحب کی اہلیت پوری دنیا میں تسلیم کی جاتی ہے۔ لوگ قاسمی صاحب کی کتابیں پڑھتے ہیں، ان پر پی ایچ ڈی کرتے ہیں، کیا وہ بھی نااہل ہوجائیں گے؟

سینیٹر پرویز رشید سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے، انہوں نے مزید کہا کہ جب یہ کام ہوا تو انہیں بتایا گیا کہ یہ کام درست ہے۔ بتایا گیا کہ قاسمی صاحب کی تقرری کے بعد بھی ایسا ہوا۔

ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ نے سپریم کورٹ کا فیصلہ سنا، آپ سے بھی ریکوری کا حکم ہے، کتنے پیسے آپ کے حصے میں آئیں گے؟

پرویز رشید نے جواب دیا کہ پہلے فیصلے کو تفصیل سے پڑھوں گا، اسے سمجھوں گا، فیصلہ پڑھنے کے بعد پتہ چلے گا کہ مجھ سے کیا گناہ سرزد ہوا، جس کے بعد قانونی راہ اختیار کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی پروسیجر کوئی ایک شخص نہیں کرتا، پروپوزل بنتا ہے، مختلف لوگوں کے پاس جاتا ہے، پروپوزل کو پرکھا جاتا ہے کہ قانون کے مطابق ہے یا نہیں، اس پر درجنوں لوگ اپنی رائے دیتے ہیں، جب یہ کام ہوا تو مجھے بتایا گیا کہ یہ کام درست ہے۔

پرویز رشید نے یہ بھی کہا کہ بتایا گیا کہ پہلے بھی ایسے ہوتا رہا ہے اور قاسمی صاحب کی تقرری کے بعد بھی ایسا ہوا، اس لیے چاہتا ہوں کہ پہلے فیصلہ پڑھوں، وکلاء سے مشورے کے بعد لائحہ عمل بنائوں گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).