چوہدری اسلم کی زندگی پر فلم


پاکستان کے معروف پولیس افسر محمد اسلم خان المعروف چوہدری اسلم کی زندگی پر فلم بنائی جارہی ہے، جس میں پاکستان کے نامور اداکاروں کے ساتھ ساتھ کچھ نئے چہرے بھی متعارف کروائے جارہے ہیں۔

پاکستانی ہدایتکار عظیم سجاد جو اس سے پہلے 8969 کے نام سے ایک پراسرارقتل کے موضوع پر ایک انتہائی کم بجٹ کی فلم بنا چکے ہیں اس فلم کے ہدایتکار ہوں گے۔

عظیم سجاد کے مطابق اس فلم کا نام ’چوہدری‘ رکھا گیا ہے اور اس کی 80 فیصد کاسٹنگ ہوچکی ہے جن میں اب تک عدنان شاہ ٹیپو، عامر قریشی، عمران رضوی، دانش نواز، سہیل سمیر کے علاوہ معروف ماڈل زارا عابد اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کررہی ہیں۔
اس فلم کی کہانی ذیشان جنید نے لکھی ہے جبکہ نیہا لاج اس فلم کو لاج پروڈکشنز کے بینر تلے پروڈیوس کررہی ہیں۔

عظیم سجاد میں بتایا کہ اس سلسلے میں انہوں نے چوہدری اسلم خان شہید کی اہلیہ سے باقاعدہ اجازت حاصل کی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسی ماہ وہ اس فلم کا ایک تشہیری گانا شوٹ کریں گے جس کے بعد فلم بندی کا باقاعدہ آغاذ کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس فلم کا مقصد شہید چوہدری اسلم کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔

یاد رہے کہ سی آئی ڈی کے ایس ایس پی محمد اسلم جو چوہدری اسلم کے نام سے مشہور تھے جنوری 2014 میں ان کی گاڑی کو ایک ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے اس وقت نشانہ بنایا گیا تھا جب وہ کراچی کے لیاری ایکسپریس وے پر سفر کررہے تھے۔ اس حملے میں شہید ہوگئے تھے اور ان کے ساتھ ان کے ڈرائیور اور محافظ بھی موقع پر ہی شہید ہوگئے تھے۔

ان پر حملے کی ذمے داری تحریک طالبان کے اس وقت کے مرکزی ترجمان احسان اللہ احسان نے قبول کی تھی۔ احسان اللہ احسان کا کہنا تھا کہ چوہدری اسلم تحریک طالبان کے پچاس کے قریب کارکنوں کی ہلاکت کے ذمے دار تھے۔

چوہدری اسلم خان کرائم سندھ پولیس انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) کے انسداد انتہاپسندی سیل کے سربراہ تھے۔

وہ نوے کے عشرے میں ہونے والے کراچی آپریشن سے 2009 میں رحمان ڈکیٹ کے قتل، 2012 میں لیاری گینگ وار آپریشن سمیت اپنی شہادت سے ایک دن قبل منگھو پیر میں تین طالبان دہشت گردوں کے مارے جانے تک ایس ایس پی چوہدری اسلم خان کئی حوالوں سے مشہور تھے۔

ہدایتکار عظیم سجاد کا کہنا ہے کہ چوہدری صاحب کی یاد میں یہ فلم کراچی میں بنائی جائے گی اور اس بارے میں مزید تفصیلات وہ جلد ہی بتائیں گے۔

یاد رہے کہ عظیم سجاد کی اس سے پیشتر ریلیز ہونے والی فلم 8969 صرف 65 لاکھ روپے کی لاگت سے تیار کی گئی تھی جس نے ان کے بقول تمام تر مشکلات کے باوجود چار کروڑ سے اوپر کا کاروبار کیا تھا۔ ناقدین نے فلم کی کہانی اور انداز کو ضرور سراہا تھا تاہم انتہائی کم بجٹ ہونے کی وجہ سے تکنیکی طور پر وہ فلم بہت کمزور رہی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).