اسرائیلی حملے میں حماس کا کمانڈر ہلاک ہو گیا


فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فورسز کے آپریشن کے دوران چھ فلسطینیوں سمیت ایک مقامی کمانڈر ہلاک ہو گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جھڑپوں کا آغاز جنوب میں خان یونس کے مشرقی حصے میں ہوا۔

ادھر اسرائیلی فوج نے بھی اس کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ فائرنگ کا تبادلہ آپریشن کے دوران ہوا تاہم ان کا کہنا ہے کہ تمام سپاہی اسرائیل واپس آگئے ہیں۔

مزید پڑھیے

اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مزید دس فلسطینی ہلاک

سولہ فلسطینیوں کی ہلاکت پر یوم سوگ

بعد میں جنوبی اسرائیل میں راکٹوں سے خبردار کرنے کے لیے سائرن بھی بجائے گئے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ کی جانب سے متعدد راکٹ فائر کیے گئے تھے جنھیں مار گرایا گیا۔ ان میں سے ایک راکٹ اسرائیلی حدود میں موجود میدان میں گرا تھا۔

حماس کے ترجمان نے اس کارروائی کو اسرائیل کا بزدلانہ حملہ قرار دیا ہے۔

فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سینئیر شدت پسند رہنما شیخ نور برکی اس کارروائی میں ہلاک ہوئے۔ وہ خان یونس میں حماس کے ملٹری ونگ، ایزدان القاسم برگیڈ کے کمانڈر تھے۔

اسرائیل کے وزیراعظم نتن یاہو نے پیرس کا دورہ مختصر کر دیا ہے جہاں جنگ عظم اوّل کے سو سال مکمل ہونے پر تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔

ان کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ مہینوں میں دو طرفہ کشیدگی بڑھی ہے۔

مارچ کے بعد سے اب تک عزہ میں 200 فلسطینیوں کی ہلاکت ہو چکی ہے۔ یہ ہلاکتیں زیادہ تر سرحد پر ان کی جانب سے آبائی علاقوں میں لوٹنے کے حق کے لیے کیے جانے والے احتجاج کی وجہ سے کی جا رہی ہیں۔

اسی عرصے میں غزہ اور اسرائیل کی سرحد پر فسلطین کی جانب سے کیے جانے والے حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp