چیف جسٹس نے ڈیم فنڈ میں عطیہ دینے والے کے دماغی معائنے کا حکم دے دیا


روزنامہ ڈان میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جناب ثاقب نثار نے اتوار کو ایک ایسے شخص کے دماغی معائنے کا حکم دے دیا ہے جس نے ڈیم فنڈ کو بھاری عطیہ دیا تھا۔ شیخ شاہد نے چند روز قبل اپنی تقریباً آٹھ کروڑ مالیت کی جائیداد سپریم کورٹ آف پاکستان کے ڈیم فنڈ میں عطیہ کی تھی۔

اس کی اہلیہ اور تین بیٹوں نے سپریم کورٹ لاہور کی رجسٹری سے رجوع کیا اور چیف جسٹس سے ملاقات کی۔ انہوں نے چیف جسٹس کو بتایا کہ شیخ شاہد نے اپنی جائیداد ان کی رضامندی کے بغیر عطیہ کی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شیخ شاہد نے ایسا اس وجہ سے کیا ہے کہ وہ ایک دماغی عارضے کا شکار ہیں۔ چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیا آپ کے اور بچوں کے شیخ شاہد سے تعلقات خوشگوار ہیں؟ بیگم شاہد نے اثبات میں جواب دیتے ہوئے شیخ شاہد کے دماغی عارضے کا شکار ہونے کا بتایا۔

چیف جسٹس نے انہیں بتایا کہ جائیداد کو ڈیم فنڈ میں بطور عطیہ قبول نہیں کیا جائے گا کیونکہ شرعی قانون کے مطابق اس پر ورثا کا حق ہے۔ دوسرے بہت سے لوگ موجود ہیں جو عطیات دے سکتے ہیں۔

چیف جسٹس نے متعلقہ حکام کو حکم دیا کہ وہ شاہد شیخ کا دماغی معائنہ کر کے رپورٹ جمع کروائیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).