ڈاکٹر خود کون سی دوائی استعمال کرتے ہیں؟


سنگین ترین بیماریوں سے محفوظ رہنے کے لئے دنیا بھر کے معروف ڈاکٹر خود کون سی دوائی استعمال کرتے ہیں؟ آپ بھی جانئے

 

فوڈ سپلیمنٹ کیا چیز ہے اور اس کا کوئی فائدہ بھی ہے یا نہیں، یہ بحث عام سننے کو ملتی ہے۔ بہت سے لوگوں کی رائے فوڈ سپلیمنٹ کے حق میں ہے تو بہت سے اسے محض پیسے کا ضیاع اور بے فائدہ چیز بھی قرار دیتے ہیں۔ اس بارے میں حتمی رائے لینے کے لئے میل آن لائن نے برطانیہ کے کچھ نامور ڈاکٹروں سے رابطہ کیا تو حیران کن انکشاف سامنے آیا کہ وہ ناصرف فوڈ سپلیمنٹس کو مفید سمجھتے ہیں بلکہ خود بھی باقاعدگی سے استعمال کرتے ہیں۔ یہ ڈاکٹر کن بیماریوں سے بچنے کے لئے کون سے فوڈ سپلیمنٹ استعمال کرتے ہیں، آئیے آپ بھی جانئے۔

پروفیسر کرسٹوفر ایڈن برطانیہ کے مشہور یورالوجسٹ ہیں۔ وہ پیشاب کی نالی کے انفیکشن سے بچنے کے لئے وٹامن سی کا استعمال کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’میں روزانہ ایک گرام وٹامن سی سپلیمنٹ لیتا ہوں۔ یہ پیشاب کی نالی کے انفیکشن اور دیگر متعلقہ بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔‘‘

ڈاکٹر لوئس نیوسن گائناکالوجسٹ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ’’میں روزانہ پروبائیوٹک کا استعمال کرتی ہوں، خصوصاً لیکٹو بیسیلس ایسیڈوفیلس۔ یہ مجھے ہارمون کے عدم توازن سے محفوظ رکھتا ہے۔‘‘

آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر ٹونی کوشن کا کہنا تھا کہ ’’میں روزانہ کی بنیاد پر کولیجن کا سپلیمنٹ لیتا ہوں تاکہ جوڑوں کے درد سے محفوظ رہ سکوں۔ میں روزانہ 1200 ملی گرام کولیجن سپلیمنٹ کا استعمال کرتا ہوں اور اسے میں نے بہت مفید پایا ہے۔ آپ اس کا استعمال شروع کریں تو دو ہفتے کے دوران فرق دیکھ سکتے ہیں۔‘‘

لندن برج ہسپتال کی ڈاکٹر این رگ کنسلنٹنٹ آنکالوجسٹ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ’’وٹامن ڈی ہمارے جسم کے عمومی فنکشن کے لئے ضروری ہے اور اس کے باقاعدہ استعمال سے بریسٹ کینسر کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔ میں روزانہ اس کی 10Mcgخوراک استعمال کرتی ہوں۔ ‘‘

ماہر چشم راب ہوگن نے بتایاکہ ’’میں سپلیمنٹ MacuShield استعمال کرتا ہوں۔ یہ آنکھ کی صحت کے لئے اچھا ہے اور خصوصاً بڑھتی عمر کے ساتھ بینائی کو کمزو رہونے سے روکتا ہے۔‘‘

ڈاکٹر ملڈ شیڈرو ڈینٹسٹ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ’’میں روزانہ ایک ملٹی وٹامن کا استعمال کرتا ہوں تاکہ دانت بھی اچھے رہیں اور عمومی صحت بھی بہتر رہے۔ اس ملٹی وٹامن میں خصوصاً کیلشیم شامل ہے جو دانتوں کی صحت کے لئے بہت ضروری ہے۔‘‘

ماہر جلد ڈاکٹر ہوانا گیک نے صحت کی حفاظت کے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’’میں ایک ایسے ملٹی وٹامن کیپسول کا روزانہ استعمال کرتی ہوں جس میں زنک، سلینیم اور بائیوٹین پائی جاتی ہے۔ یہ جلد، ناخنوں او ربالوں کی صحت کے لئے بہت اچھا ثابت ہورہا ہے۔‘‘

سینٹ تھامس ہسپتال لندن کے ڈاکٹر لوک کیسکارینی کا کہنا تھا کہ ’’منہ کی اندرونی صحت کی حفاظت کے لئے میں روزانہ وٹامن بی کمپلیکس کا سپلیمنٹ لیتا ہوں۔ اس میں وٹامن بی12 بھی شامل ہوتا ہے جس کی کمی منہ میں السر اور زبان میں سوجن پیدا کرسکتی ہے۔‘‘

برمنگھم ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کی گائناکالوجسٹ ڈاکٹر جینی بائرم نے بتایا کہ ’’میں پرِم روز آئل ( بسنتی گلاب کا تیل) سپلیمنٹ استعمال کرتی ہوں۔ یہ ایام کی تکالیف کے لئے بہت مددگار ثابت ہوتا ہے۔ میں اس کا روزانہ ایک گرام سپلیمنٹ استعمال کرتی ہوں۔ یہ ہارمونز میں بھی توازن پیدا کرتا ہے۔‘‘

ویلز سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر سارا مائیہل نے بتایا ’’میں روزانہ 10 گرام وٹامن سی سپلیمنٹ استعمال کرتی ہوں اور اس کی وجہ سے مجھے کبھی نزلہ زکام و گلے کی خرابی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔‘‘

بی ایم آئی کیرک گلین ہسپتال آئرشائر کے ڈاکٹر جوناتھن ڈیرنگ کا کہنا تھا کہ ’’میں ورزش کے بعد وٹامن ڈی اورل سپرے استعمال کرتا ہوں۔ یہ مسلز کی صحت کے لئے فائدہ مند ہے۔ میں 10کلومیٹر کی واک کرتا ہوں، کشتی رانی کرتا ہوں اور رگبی کھیلتا ہوں، لیکن مجھے مسل انجری کا سامنا بہت ہی کم کرنا پڑتا ہے۔‘‘

اور برسٹل ہارٹ انسٹیٹیوٹ کے کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر گلین تھامس کا کہنا تھا کہ ’’دل کو صحت مند رکھنے کے لئے میں میگنیشیم کا سپلیمنٹ استعمال کررہا ہوں۔ دل کی عمومی صحت کے لئے بہت اچھا ہے اور خصوصاً دل کی دھڑکن بے ترتیب ہونے کے مسئلے سے دوچار افراد کے لئے فائدہ مند ہے۔ میں روزانہ 300 ملی گرام میگنیشیم سپلیمنٹ استعمال کرتا ہوں۔‘‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).