ہیں اور بهی غم دنیا میں الیکشن کے سوا


شمالی ہند میں کسی ایک مسلم سیاسی لیڈر یا تنظیم کا نام بتائیں جن کے دس بارہ اسکول دو چار کالج آٹھ دس ووکیشنل ٹریننگ سینٹر ایک دو میڈیکل کالج دو تین انجینئرنگ کالج چل رہے ہوں۔ چندہ سے ہی سہی۔

مسلمانوں کی معاشی تعلیمی اور سماجی ترقی کے لئے مسلم دانشوروں کا ویژن کیا ہے؟ اور اس ویژن کو زمین پر اتارنے کے لیے کیا لائحہ عمل طے کیا گیا۔ اور اس پر عمل کب ہوگا؟ الیکشن میں فتح حاصل کرنا ہی معراج کیوں ہے؟

کیا کوئی ملی تنظیم کل ہند سطح پر قائم ہونے کا دعویٰ کر سکتی ہے کیا کسی کے پاس آل انڈیا بیسڈ کیڈر ہے؟ دہلی کے کانفرنس ہالوں بیٹھ کر بعض ملی مسائل پر گفتگو کرتے ہیں تو کیا اس وقت صوبائی اور ضلعی ذمہ داروں کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ شامل کرتے ہیں؟ کیا ہر ملی تنظیم میں صرف پانچ لوگ ہی اہل ہیں وہ جو چاہیں دوسروں کو کانفیڈنس میں لئے بغیر فیصلہ کرکے اپنے منتسبین پر تھوپ دیں؟ کیا ان تنظیموں کے پاس ملک کے مختلف شاخوں سے فیڈ بیک لینے کا کوئی میکانزم ہے؟

کیا ریگولر بیسز پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔ میرے خیال میں نہیں یہ اور بات ہے کہ سب اللہ کے حکم کے تابع ہیں اور سب قرآن کی آیت و امرہم شورى فیما بینھم اور شاورہم فی الامر کی تلاوت کرتے ہیں یہ اور بات ہے کہ اللہ کے رسول صل اللہ علیہ و سلم کی حدیث کلکم راع و کلکم مسؤل عن رعیتھ کا علم رکھتے ہیں کہ ہر شخص جوابدہ ہے۔ یہ ہائرارکی سسٹم یا ڈی سینٹرلائزیشن کا تصور چودہ سو سال پہلے ہمیں سکھایا گیا کہ ہر شخص کا اس کے منصب کے مطابق اختیار ہوگا اور وہ اپنے نیچے والے کے بارے میں جوابدہ ہوگا۔

یہ pyramidal organizational chart کا تصور ہے کہ تنظیم بلوک سطح والے ضلع کو ضلع سطح والے صوبہ کو اور صوبائی سطح والے مرکز سے مشورہ کریں اور تجاویز۔ ، پریشانیاں اوران کا مقامی ممکنہ حل سے آگاہ کریں اور مرکز میں بیٹھے لوگ اپنے وسیع تر تجربات کی روشنی میں مسائل کو حل کریں اور حکومتی اداروں میں اثر و نفوذ کو بروئے کار لاکر لوگوں کی پریشانیوں کو دور کریں۔

ایسا اس لئے نہیں ہو سکا اس لئے کہ افراد بھی اپنی ذمہ داری سے فرار چاہتے ہیں جب کہ کلکم مسؤل کی رو سے جوابدہی ان کی بھی ہے گرفت میں یہ بھی آئیں گے بھکت بننے سے چھٹکارا نہیں ملے گا آپ سے سوال ہوگا کہ آپ نے اپنے حصہ کی کھیت کی آبیاری کی یا نہیں۔ کیا آپ نے پریشر گروپ بناکر تنظیموں کو ایسا سسٹم بنانے اور فالو کرنے کے لئے دباؤ ڈالا؟

آپ کیا ہیں؟ ایک، ڈریمر یا، تھنکر، یا پلانر، یا ایگزیکیوٹر یا فائنانسر؟

سماج کو کچھ تو آپ دیں۔ آپ کے پاس پیسے نہیں ہیں کوئی بات نہیں۔ آپ کے تعلقات میں کوئی تو مخلص پیسے والا ہوگا اس کو موٹیویٹ کریں کہ مہینے میں ون ٹیچر اسکول کا خرچ پانچ سے دس ہزار آتا ہے وہ اکیلے یا دو تین مل کر فائننس کریں۔ اللہ کے رسول صل اللہ علیہ و سلم نے فرمایا اچھے کام کے لئے موٹیویٹ کرنے والے کو اتنا ہی اجر ملے گا جتنا اچھا کرنے والے کو۔ ضرورت جوڑنے کی ہے۔ ہماری گرفت اسی لئے ہوگی کہ ہم تنظیموں کی تنقید اور تنظیموں سے امید لگا کر بیٹھے رہے اور خود کچھ نہ کیا۔ آپ ریٹائرڈ لوگوں کو موٹیویٹ کریں کہ اگر ممکن ہو تو اپنا سرپلس اماونٹ میں سے کچھ رقم دیں یا کم از کم گھر میں بیٹھے رہنے کی بجائے کسی سماجی کام کے لئے کچھ وقت دیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).