یہود و ہنود کی سازشیں، سچ بولنے کی ذمہ داری اور ایک سچی گواہی


وہ (میں زید حامد صاحب کی بات نہیں کر رہا) ہمارے ملک کے مایہ ناز عالم دنیا و آخرت اور تجزیہ نگار ہیں۔ اعلی حضرت میرے پسندیدہ سٹینڈ اپ کامیڈین بھی ہیں (پاکستانی سٹیج فن کاروں سے معذرت کے ساتھ کیونکہ فن کار مزاح نگاری کرتے ہیں، جھوٹ نہیں بولتے ) ۔ وہ کرسی پر بیٹھ کر نجی ٹی وی چینل پر کامیڈی شو کرتے ہیں۔ میں ان کے ٹی وی شوز یو ٹیوب پر دیکھتا ہوں اور بہت محظوظ ہوتا ہوں۔ ایک سے بڑھ کر ایک کلپ۔ ایک سے بڑھ ایک کھوکھلی اور بودی دلیل کو اپنی بے ربط گفتگو میں یوں پروتے ہیں کہ سننے والا بوکھلا جاتا ہے۔

ان کے اعتماد کی داد دینی پڑتی ہے۔ پھر ان کھوکھلی اور بودی دلیلوں کو اپنی اونچی آواز اور مصنوعی جذبات کا تڑکا لگاتے ہیں اور سامنے بیٹھے ہوئے نوجوان ٹی وی اینکر پر چھا جاتے ہیں۔ وہ نوجوان اینکر اسی تازہ اثر کے تحت سر خم تسلیم کرتا ہے اور ہمارے مایہ ناز عالم دنیا و آخرت کا ہی دیا ہوا اگلا سوال ایسے پڑھنا شروع کر دیتا ہے جیسے اس نے یہ سوال خود تیار کیا ہو۔ اور ماہر تجزیہ نگار صاحب بھی کمال مہارت سے ہر سوال پر سرپرائز کا سا تاثر دیتے ہیں۔ اور اینکر کو موڈ کے مطابق ڈانٹتے ہیں یا خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ہمارے یہ مایہ ناز عالم دنیا و آخرت پاکستان کی جغرافیائی حدود کے ماہر اور نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں۔ امریکہ اور یورپ کی ساری سازشوں سے آگاہ ہیں اور ہمیں بھی آگاہ رکھتے ہیں۔ ان کی رائے میں مدرسے ہمارے بچوں کے لیے بہترین تعلیم کا ذریعہ ہیں کیونکہ اس طرح ہماری مذہبی میراث کی حفاظت ہو پائے گی۔ ہاں البتہ باقی عالم دنیا و آخرت کی طرح وہ بھی اپنے بچوں کو امریکہ اور یورپ کی گھٹیا اور غلاظت سے بھرپور یونیورسٹیوں میں ہی بھیجتے ہیں تاکہ وہ اسلام کے خلاف یہودیوں کی سازشوں سے آگاہ ہو سکیں اور اپنے مستقبل اور ہمارے مذہب کے دنیاوی پہلوؤں کی حفاظت کر سکیں۔

ہمارے یہ مایہ ناز عالم دنیا و آخرت زید حامد صاحب سے متاثر اور جیلس بھی ہیں۔ وہ بھی باتیں تو غالب آنے ہی کی کرتے ہیں اور یورپ کی ساری سازشوں سے آگاہ ہیں لیکن انہوں نے ان کی آدھی ”فین فالوونگ“ توڑ لی ہے۔ ہمارے مایہ ناز عالم دنیا و آخرت بڑے دل اور چھوٹے دماغ کو چھپانے کے ماہر ہیں اس لیے فین فالوونگ کے کم یا زیادہ ہونے کا تذکرہ نہیں کرتے۔

یہ ان کا احسان ہے کہ انہوں نے قوم کو ”امہ“ کی اہمیت کا احساس دلایا ہے۔ یہ ان کا ہی حوصلہ ہے کہ پورے زور اور اعتماد کے ساتھ یہ کہتے تھکتے نہیں کہ ساری دنیا کے مسلمان ایک ”امہ“ ہیں۔ صرف یہی نہیں انہوں نے ہمیں یہ بھی بتایا کہ باقی ساری دنیا کافر ہے اور اس کا صرف اور صرف ایک ہی کام ہے۔ اور وہ ہے مسلمانوں کے خلاف سازشیں کرنا۔

میں اپنے مایہ ناز عالم دنیا و آخرت کا اتنا بڑا فین ہوں کہ اب ان کی وہ باتیں بھی جان جاتا ہوں جو انہوں نے ابھی کرنا ہوتی ہیں۔ اگلے کسی پروگرام میں وہ گوروں کی اس سازش کا بھانڈا پھوڑیں گے جس کے تحت ہمارا پیارا سعودی عرب بدلنا شروع ہو گیا ہے۔ اب گورے تو بڑے خوش ہیں کہ انہوں نے مسلمانوں کو کمزور کرنے میں بڑی اہم کامیابی حاصل کر لی ہے کہ سعودی عرب جیسے ملک میں عورتوں کے حقوق کی بات ہونے لگی ہے۔ اور یہ کہ گوروں کی اس سازش سے کچھ مرحوم سعودی روحیں بھی تڑپ اٹھی ہیں کہ سعودیہ میں عورتوں کو کار ڈرائیو کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ لیکن گوروں کو نہیں پتا کہ یہ سازش ان کو الٹ پڑ گئی ہے۔

سعودی عرب میں اس لبرل تبدیلی سے مسلم امہ اور بھی قریب ہو گی کیونکہ امہ کے اندر ہی عرب دوسرے مسلمانوں کو جس حقارت کی نظر سے دیکھتے ہیں، وہ سب تبدیل ہو جائے گا۔ اب وہ بھی گوروں کی طرح انسانیت کے قائل ہو جائیں گے اور انسانوں میں تفریق کرنا چھوڑ دیں گے۔ یہ سب تو اصل میں ہمارا ہی شعار تھا اور گوروں نے ہم سے چرا لیا تھا۔ اب وہ ہمارا شعار ہمارے پاس واپس آ رہا ہے اور عین ممکن ہے کہ سعودیہ میں کام کرنے والے پاکستان مزدوروں کے بچوں کو سعودی عرب کی شہریت مل جائے اور ایک دن آئے جب ان میں سے بھی کوئی سعودی عرب کا وزیر دفاع بن جائے اور ہم بھی ایسے ہی اتراتے پھریں جیسے صادق خان کے میئر لندن بننے اور ساجد جاوید کے برطانیہ کے وزیر داخلہ بننے پر یہ لبرل اتراتے پھرتے ہیں کہ لبرل معاشروں میں عام انسانوں کے لیے بھی آگے بڑھنے کے مواقع ہوتے ہیں۔

انہوں نے ابھی ابھی اپنا تازہ مضمون لکھ کر سچ بولنے کی ذمہ داری نبھائی ہے اور پاکستان کو ایک بہت بڑے بحران سے نکالا ہے۔ ناعاقبت اندیش اسے جھوٹ یا خوشامد کہہ کر خود ہی اپنے لیے گڑھے کھود رہے ہیں۔ میرے پسندیدہ عالم دنیا و آخرت اور ماہر تجزیہ نگار نے تو نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے بروقت سچ بول کر ترقی کی نئی راہیں کھول لی ہیں۔ اب میں انہیں اگلے الیکشن سے پہلے بننے والی نگران حکومت میں بڑے عہدے کی نوید سناتا ہوں۔

سلیم ملک

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

سلیم ملک

سلیم ملک پاکستان میں شخصی آزادی کے راج کا خواب دیکھتا ہے۔ انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاند۔

salim-malik has 355 posts and counting.See all posts by salim-malik