وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے سینیٹ کے اجلاس میں شرکت پر پابندی عائد


پاکستان کے ایوان بالا یعنی سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کی سینیٹ کے اجلاس میں شرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔

جمعرات کو چیئرمین سینیٹ کی طرف سے دی گئی رولنگ میں کہا گیا ہے کہ جب تک وفاقی وزیر اطلاعات اپنے رویے پر ایوان سے معافی نہیں مانگتے اس وقت تک ان کے ایوان بالا میں داخل ہونے پر پابندی رہے گی۔

چیئرمین سینیٹ کی طرف سے دی گئی رولنگ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ چند روز میں ایوان کا ماحول خراب ہو رہا ہے جبکہ یہ ایوان اعلیٰ ترین پارلیمانی روایات کا حامل رہا ہے۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق اس رولنگ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سینیٹ کے ارکان پر لازم ہے کہ وہ پارلیمانی رویہ اختیار کریں۔

حالیہ تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے کہ کسی وفاقی وزیر پر سینیٹ کی کارروائی میں شرکت کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس سے پہلے سابق چیئرمین رضا ربانی نے سابق حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز کے وفاقی وزیر خواجہ آصف پر بھی پابندی عائد کی تھی۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز سینیٹ کے اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے حزب مخالف کی جماعتوں جن میں پاکستان مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی کے علاوہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر حزب مخالف کی جماعتوں نے وفاقی وزیر کے اس رویے پر احتجاج کرتے ہوئے اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا تھا۔

پاکستان

چیئرمین سینیٹ نے رولنگ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سینیٹ کے ارکان پر لازم ہے کہ وہ پارلیمانی رویہ اختیار کریں

چیئرمین سینیٹ نے فواد چوہدری کو، جو کہ حکومت کے ترجمان بھی ہیں، مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایوان کا ماحول خراب کرتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ کے روکنے کے باوجود وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنی تقریر جاری رکھی جس پر صادق سنجرانی نے ان کا مائیک بند کروا دیا۔

جمعرات کو سینیٹ کے چیئرمین اور سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز اپوزیشن کے ارکان کو منا کر لائے۔

حزب مخالف کی جماعتوں کے ارکان نے اس شرط پر ایوان میں آنے کی حامی بھری کہ وزیر اطلاعات ایوان سے اپنے رویے پر معافی مانگیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن شیری رحمان نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر کے رویے سے نہ صرف اس ایوان کے ارکان بلکہ سینیٹ کے چیئرمین کا تقدس بھی پامال ہوتا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ وفاقی وزراء نے حزب مخالف کی جماعتوں کے ارکان کے سوالوں کا جواب دینے کی بجائے چور ڈاکو کے نعرے لگانا شروع کردیے ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ حزب مخالف کی جماعتیں اس طرح ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دیں گی۔

یاد رہے کہ سینیٹ میں حزب مخالف کی جماعتوں کو اکثریت حاصل ہے جبکہ حکمراں جماعت کو سینیٹ میں عددی برتری حاصل نہیں ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32503 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp