کراچی کے علاقے قائدآباد میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق، دس زخمی


کراچی کے علاقے قائد آباد میں فلائی اوور کے نیچے دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق قائد آباد فلائی اوور کے نیچے دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فلائی اوور کے نیچے دھماکے کے بعد علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے جب کہ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ دھماکے کی جگہ پہنچ گیا ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھےکیے جارہے ہیں۔
جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 5 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

وزیر اعلٰی سندھ کا نوٹس

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قائد آباد میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کی ہدایت کی ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے جیو نیوز سے گفتگو میں دھماکے میں 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور کچھ زخمی ہوئے ہیں۔

کراچی پولیس چیف کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ دھماکے کی نوعیت کے بارے میں بتائے گا۔
بشکریہ جیو نیوز۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).