176 رنز کا ہدف، پاکستان اوپنرز کی پراعتماد بلے بازی


امام الحق

امام الحق نے دوسری اننگز کے آغاز میں جارحانہ انداز اپنایا

ابوظہبی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان کو فتح کے لیے مزید 139 رنز درکار ہیں اور دوسری اننگز میں اس کی تمام وکٹیں باقی ہیں۔

پاکستان کی جانب سے اوپنرز محمد حفیظ اور امام الحق کریز پر موجود ہیں اور ان دونوں نے بغیر کسی نقصان کے سکور ٹیم کا 37 رنز تک پہنچا دیا ہے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

امام الحق نے دوسری اننگز میں جارحانہ انداز اپنایا ہے اور آغاز میں ہی چار چوکے لگائے ہیں جبکہ محمد حفیظ محتاط انداز سے کھیل رہے ہیں۔

اس سے قبل کھیل کے تیسرے دن نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 249 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور یوں پاکستان کو اس میچ میں فتح کے لیے 176 رنز کا ہدف ملا تھا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بی جے واٹلنگ 59 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ نکلز نے 55 اور جیت راول نے 46 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔

یہ بھی پڑھیے

ابوظہبی ٹیسٹ: 176 کے تعاقب میں پاکستان کا پراعتماد آغاز

یہ چوتھی اننگز کا بُھوت کیا ہوتا ہے؟

پاکستان کی طرف سے حسن علی نے 45 رنز دے کر جب کہ یاسر شاہ نے 110 رنز دے کر پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

کرس واٹلنگ اور نکلز نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 112 رنز کا اضافہ کر کے نیوزی لینڈ کو میچ میں واپس لانے میں اہم کردار اد کیا، تاہم نکلز کے 55 رنز بنا کر آؤٹ ہونے کے بعد بقیہ پانچ وکٹیں سکور میں صرف 30 رنز کا اضافہ کر سکیں۔

حسن علی

حسن علی نے دوسری اننگز میں اپنے ٹیسٹ کریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں لی تھیں

اس ٹیسٹ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کے پہلی اننگز کے سکور 153 رنز کے جواب میں 227 رنز بنائے تھے۔ اس طرح اسے نیوزی لینڈ پر پہلی اننگز میں 74 رنز کی برتری ملی تھی۔

پاکستان کی طرف سے پہلی اننگز میں نمایاں بلے باز بابر اعظم رہے تھے جنھوں نے 62 رنز بنائے تھے۔ ان کے علاوہ اسد شفیق نے 43 جب کہ حارث سہیل نے 38 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 اور تین ہی ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلی گئی جس میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں تین صفر سے شکست دی جبکہ ون ڈے سیریز ایک، ایک میچ سے برابر رہی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp