بی بی سی 100 ویمن: ’خواتین کو مواقع ملنے پر شکرگزار ہونے کی ضرورت نہیں‘


UN Deputy Secretary General Amina Mohammed

آمنہ محمد مستقبل میں اقوام متحدہ کی ایک خاتون انچارج کے امکان کے بارے میں مثبت سوچ کی حامل دکھائی دیں

اقوام متحدہ کی نائب سیکریٹری جنرل آمنہ محمد کا کہنا ہے کہ خواتین کو مواقع ملنے پر شکرگزار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

بی بی سی کے 100 ویمن سیزن کے آغاز کے موقع پر ایک انٹرویو میں، ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ خواتین مردوں سے زیادہ غیر متناسب تکالیف سہتی ہیں۔

لیکن ان کے خیال میں یہ ممکن ہے کہ اقوام متحدہ کی سیکرٹری جنرل ’بہت جلد‘ ایک خاتون ہو۔

یہ بھی پڑھیے

ایسے تصورات جو روایات بدلیں گے

100 ویمن: کیا خواتین ایک ہفتے میں دنیا بدل سکتی ہیں؟

’مجھے لگتا ہے کہ پچھلی بار بمشکل نشانہ خطا ہوا… میرے خیال میں سب کو احساس ہے کہ وہ وقت قریب ہے۔‘

نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے صدر دفتر سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عموما ’لڑکے کو سکول جانے اور تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے اور وہ اپنی خواہشات پایہ تکمیل تک پہنچاتا ہے، معاشرے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے. لڑکی کو موقع حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کرنی پڑتی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم سے ان مواقع کے لیے شکریے کی توقع کی جاتی ہے۔ کابینہ کی میز کے گرد 30 فیصد خواتین کی موجودگی کو ہی صرف کامیابی کی امید نہیں بنا لینا چاہیے۔‘

’اگر ہم (خواتین) میز کے گرد 70 فیصد ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں تو ایسا ہونا چاہیے۔ ہمیں یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ ہم ان تمام چیزوں کا برابر کا حق رکھتے ہیں جو ہمیں موثر طریقے سے معاشرے اور معیشت کا حصہ بننے کی اجازت دیتی ہیں اور ہم یہ نہیں دیکھ پا رہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کا پانچواں پائیدار ترقیاتی مقصد صنفی مساوات پر مبنی ہے اور یہ باقی مقاصد کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔.

’اگر میں تعلیم کو مثال کے طور پر لیتی ہوں تو صنفی مساوات کو تعلیمی مقصد کے مرکز میں ہونا چاہیے؛ چونکہ اسےغربت کو مٹانا ہے؛اسے شہروں میں ہونا چاہیے، یا توانائی کے میدان میں، توانائی تک رسائی میں اور یوں کہ بااختیار بننے کے لیے عورتیں اس میں مرکزی کردار ادا کریں۔‘

لیکن انہوں نے اس بات کا اقرار کیا کہ اقوام متحدہ کو اصلاحات کی ضرورت تھی۔ ’جب ہم یہاں آئے تو ہم سب نے تسلیم کیا کہ یہ اس مقصد کے لیے موزوں نہیں ہے۔‘

’لہٰذا اگر ہم موسمیاتی تبدیلی پر پیرس کے معاہدے اور پائیدار ترقیاتی مقاصد پر کام کرنے جا رہے ہیں تو ہم 1945 والی شکل میں نہیں ہوسکتے، یہ نہیں چلے گا، مجھے لگتا ہے کہ ہمیں ملکی سطح پر بہتر کام کرنا ہوگا۔‘

لیکن وہ مستقبل میں اقوام متحدہ کی ایک خاتون انچارج کے امکان کے بارے میں مثبت سوچ کی حامل دکھائی دیں۔

’پچھلی بار اسی طرح کی اچھی کوششیں کی گئیں۔ کئی حیرت انگیز خواتین سامنے آئیں۔‘

’پہلی بار ہم واقعی ممکنہ خواتین سیکرٹری جنرلز سے بات چیت کر رہے تھے۔۔۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ جلد ہو گا۔‘

100 Women logo


100 خواتین ہے کیا؟

بی بی سی کا 100 ویمن سیزن ہر سال دنیا بھر سے ایک سو ایسی بااثر خواتین کو سامنے لاتا ہے جن کی زندگیاں دوسروں کے لیے مشعل راہ ہیں۔

2018 دنیا بھر میں خواتین کے حقوق کے لیے ایک اہم سال رہا ہے۔ اس برس ہم نے اپنے اس سیزن میں ایسی خواتین کو شامل کیا ہے جو اپنے اردگرد کی دنیا بدلنے کے لیے کوشاں ہیں۔



Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32554 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp