پڑھا ہے کہ پانچ فیصد کرپشن میں کوئی حرج نہیں: فیاض الحسن


پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ میں نے پڑھا ہے کہ 5 پرسنٹ تک کرپشن میں کوئی حرج نہیں، اس پر ڈائریکٹر نیب حسنین گیلانی نے کہا کہ نیب میں زیرو پرسنٹ ٹارلرنس بھی نہیں ہے۔

الحمرا ہال لاہور میں نیب کے زیر اہتمام بدعنوانی کے خلاف آگاہی تقریب سے خطاب میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ لوٹ مار کرنے والے نیب آمد پر ایسے وکٹری کا نشان بناتے ہیں جیسے پیدل حج کر کے آئے ہیں۔

انہوں نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صوبے کا ستیاناس کرنے کا ذمہ دار قرار دے دیا اور کہا کہ نام نہاد خادم اعلیٰ، فرزند اعلیٰ اور داماد اعلیٰ نے لوٹ مار کی۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ڈاکا مار میٹر ریڈر اور ٹکٹ بلیک کرنے والے سیاستدانوں پر ہاتھ ڈالا جائے تو جمہوریت اور 18ویں ترمیم خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں نے ملک کو 96 ارب ڈالر کا مقروض بنا دیا، پی آئی اے، ریلوے اور اسٹیل مل تباہ ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سرکار کا پیسا ہو یا ریاست کا، اسے کھا جانا کہاں کا انصاف ہے؟ وزیراعظم عمران خان نے پہلے 3 ماہ میں کرپٹ سیاستدانوں کی بیرون ملک جائیداد کا سراغ لگایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تباہی اور بربادی کا بنیادی سبب کرپشن ہے، عوام کے پیسے کو کھانے کی اللہ کے ہاں کوئی معافی نہیں، بدقسمتی سے لوٹ مار کرنے والے ٹکے ٹکے کے سیاستدان باتیں کرتے ہیں۔

(بشکریہ روز نامہ جنگ)


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).