نام کا مسلمان تھا، والد کے کہنے پر جمعہ پڑھنے چلا جاتا تھا: وزیر اعظم عمران خان 


 

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں ایک نام کا مسلمان تھا۔ والد صاحب کے کہنے پر جمعہ پڑھنے چلا جاتا تھا۔ جب نبیؐ کی زندگی پڑھنا شروع کی تو میری زندگی تبدیل ہونا شروع ہوئی۔

اسلام آباد میں دو روزہ رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس ہوئی جس میں بھارت، ایران اور سعودی عرب کےاسکالرز بھی شریک ہوئے۔ کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جب میں کرکٹ کھیل رہا تھا تو میاں بشیر نامی صوفی سے ملا، وہ بزرگ مجھے دین کی طرف لے آئے۔ انہوں نے میرے ایمان کے راستے کی رکاوٹ ختم کی۔ انہوں نے مجھے کہا کہ قرآن کی سمجھ ہی تب آئے گی جب ایمان دل میں آجائے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جب اللہ کا یقین ہو جاتا ہے تو آپ کی زندگی تبدیل ہونا شروع ہوجاتی ہے۔ جس دن اللہ آپ کو راستہ دکھاتا ہے اس دن سیدھے راستے کی جدوجہد شروع ہوتی ہے۔ سیدھا راستہ پیارے نبی کا راستہ ہے۔ زندگی کے دو راستے ہیں ایک وہ جو انسان اپنے لیے گزارتا ہے، ایک وہ جب ذمہ دار انسان بنتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کے نبی نے ہمیں یہ بتایا کہ فلاحی ریاست وسائل سے نہیں بلکہ احساس اور رحم کی وجہ سے بنتی ہے۔ آخری نبی کو اللہ نے رحمت اللعالمین کا خطاب دیا، اللہ کے آخری نبی کی ساری زندگی تاریخ کا حصہ ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم ہائر ایجوکیشن سے کہہ رہے ہیں کہ تین یونیورسٹیز میں آخری نبی کی زندگی پر چیئر قائم کریں۔ جنگ بدر کے گیارہ سال بعد روم نے حضرت خالد بن ولید کے سامنے گھٹنے ٹیکے۔ دنیا کے عظیم لیڈر نے گیارہ سال میں مسلمانوں کو سپر پاور بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں یورنیوسٹیز اس بات پر ریسرچ کریں کہ آخری نبی نے کیسے انسانوں کو بدل دیا۔ ہمیں اپنے بچوں کو بتانا چاہیے کہ کیسے آخری نبی نے عام سے انسانوں کو دنیا کا عظیم انسان بنا دیا۔ آج تک کسی انسان نے ایسا نہیں کیا جو ہمارے نبی نے کیا۔

وزیر اعظم نے ارادہ ظاہر کیا کہ ہم دنیا کے ممالک سے آزادی اظہار کے نام پر مسلمانوں کی دل آزاری کے خلاف کنونشن پر دستخط کرائیں گے۔ چاہتا ہوں کہ بارہ ربیع الاول پر ہمارا سالانہ کنونشن ہوا کرے اور اس کنونشن میں باہر سے بھی اسکالرز کو بلائیں۔ لوگوں کو بتائیں وہ کیا بات تھی کہ رب نے انہیں رحمت اللعالمین کا خطاب دیا۔

عمران خان نے کہا کہ آزادی اظہارکی آڑ لے کر دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کی توہین برداشت نہیں کی جائے گی۔ پاکستان مذہب کی ہتک کے خلاف عالمی کنونشن پر مختلف ممالک سے دستخط کرائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).