امجد صابری کی ہلاکت پر فنکار برادری میں غم و غصے کی لہر


\"amjad\"معروف قوال امجد فرید صابری کی ہلاکت پر پاکستان کی فنکار برادری میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ فنکاروں نے اس افسوسناک واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومت کی ناکامی قرار دیا ہے۔ فنکاروں نے امجد صابری کی ہلاکت پر دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کی اور دکھ کا اظہار کیا۔ استاد راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ امجد صابری بڑے اچھے انسان تھے۔ امجد بھائی اپنے والد کی طرح ہی گاتے تھے۔ سمجھ سے بالاتر ہے کہ امجد صابری کو کیوں نشانہ بنایا گیا۔ آج پاکستان کا ایک سپوت شہید ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کرنا ہوگی کہ انھیں دھمکیاں کیوں دی گئیں۔ امجد صابری کو سکیورٹی فراہم کرنا چاہیے تھی۔ انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ نہ صرف فنکاروں بلکہ وطن عزیز کے تمام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
معروف گلوکار سلمان احمد کا کہنا تھا کہ امجد صابری کے گھرانے نے پاکستان کا نام روشن کیا۔ رمضان کے مہینے میں قیمتی اثاثے کو بے دردی کیساتھ قتل کیا گیا۔ اگر حکومت تحفظ فراہم نہیں کر سکتی تو اس کا کیا فائدہ ؟ میں حکومت سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا ہم اسی طرح سوگ مناتے رہیں گے؟۔ گلوکارہ ٹینا ثانی کا دنیا نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ امجد صابری کے خاندان کی بڑی خدمات ہیں۔ پاکستان کا بہت بڑا نقصان ہوا۔ جاوید شیخ نے کہا کہ پاکستان کا بہت بڑا نقصان ہوا ہے۔ امجد صابری بڑے ہنس مکھ انسان تھے۔ ان کی ہلاکت پر بہت افسردہ ہوں۔ سوچ رہا ہوں ہمارے ملک کا نظام کب ٹھیک ہوگا۔ لگتا ہے اسی طرح ملک بدنام ہوتا رہے گا۔ جاوید شیخ نے کہا سیکیورٹی دینے کی باتیں چھوڑ دیں۔ اب سیکیورٹی اللہ تعالیٰ سے مانگنا ہوگی۔ حکمران کچھ نہیں کرنے والے، ہر آدمی کو اپنا اپنا خیال رکھنا ہوگا۔
گلوکار جواد احمد نے کہا کہ امجد صابری بہت اچھے انسان تھے۔ حملے کی مذمت کرتا ہوں۔ امجد صابری کی کمی کسی صورت پوری نہیں ہو سکتی۔ حامد علی خان نے کہا کہ حکومت کو فنکاروں کی سیکیورٹی کے لیے اقدامات کرنے چاہیں۔ امجد صابری بڑا خوش اخلاق انسان تھا اور ہمیشہ بڑے احترام سے ملتا تھا۔
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مشہور دانشور اور ادیب انور مقصود نے کہا کہ کیا کہہ سکتا ہوں، یقین نہیں آ رہا کہ امجد صابری چلے گئے۔ امجد صابری بہت اچھا انسان اور پیار کرنے والا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کے حالات بہت برے ہیں۔ کراچی شہر پر ایک عذاب ہے۔ یہاں کے درختوں سے پرندے بھی اڑ گئے ہیں۔ یقین نہیں آتا کہ قیامت کا دن کیسا ہوگا۔ سمجھ نہیں آ رہی شہر میں کیا ہو رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ حکومت سے کچھ تب کہے جب انہیں کوئی احساس ہو۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments