مکّار دشمن کی پسپائی


وزیراعظم عمران خان کے بیرونی دنیا کے طوفانی دورے خوب رنگ جما رہے ہیں، سعودی عرب، چین، متحدہ عرب امارات کے کامیاب دوروں کے بعد عمران خان ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد سے معاشی ہاتھ ملانے کے لئے گئے تھے، جس کا ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے بھرپور جواب دیا بلکہ ملائیشیا کی خاتون اول نے وزیراعظم عمران خان کا ہاتھ پکڑ کر تصویر بنوانے کی خواہش بھی ظاہر کی جسے پاکستانی وزیراعظم نے فوری قبول کر لیا۔

وزیراعظم عمران خان کو ان کے مخالفین امریکی صدر ٹرمپ سے اکثر تشبیہ دیتے ہیں لیکن اگر دونوں شخصیات کے اخلاقی پہلو کو دیکھا جائے تو صدر ٹرمپ سے ان کی اپنی اہلیہ بھی جھٹک کر ہاتھ چھڑاتی ہوئی نظر آتی ہیں جبکہ عمران خان سے اپنے اور غیر سبھی ہاتھ ملانے اور ”ہتھ جوڑی“ کرنے کی جستجو کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

بہرحال وزیراعظم عمران خان کو ملکی اور غیر ملکی محاذوں پر پے درپے کامیابیاں مل رہی ہیں اور ان کامیابیوں پر ناکامی کی راکھ متحدہ اپوزیشن بڑی کامیابی سے ڈال رہی ہے۔ عمران خان کے ابتدائی 96 دنوں میں یہ بات بھی کھل کر سامنے آئی ہے کہ اپوزیشن کا پراپیگنڈہ حکومت کی کارکردگی پر بھاری ہے۔

جہاں تک عمران خان کی کامیابیوں کا معاملہ ہے تو وہ اب تک آئی ایم ایف سے کڑی شرائط پر قرض لئے بغیر دوست ممالک سے فنڈز حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ سعودی عرب اور چین نے پاکستان کی فوری ضرورت کو تقریباً پورا کر دیا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا کا تعاون سونے پر سہاگہ بتایا جارہا ہے۔

اس کے علاوہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان کو ماضی کی طرح دبانے اور مرعوب کرنے کی ناکام کوشش کی۔ گزشتہ دس برس میں امریکی صدورپر بڑی مہارت کے ساتھ پاکستان کے حکمرانوں کو دباؤ میں لاکر اپنا ”الّو“ سیدھا کرنے میں کامیاب رہے تھے، حالانکہ کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکہ اپنا ”الّو“ سیدھا کرنے کی بجائے پاکستان کو ”الّو“ بنانے پر زیادہ یقین رکھتا ہے مگر اس بار امریکی صدر اور پینٹاگان نے پاکستانی لہجے میں تبدیلی کو محسوس کرتے ہوئے بات کو آگے بڑھانے کی بجائے ”فوری سوری“ کا سہارا لے کر اپنی جان چھڑا لی ہے۔

عمران خان نے امریکی صدر کی ”ٹویٹری“ دھمکیوں کو ترکی بہ ترکی جواب دے کر ٹھنڈا کر دیا ہے۔ لیکن امریکیوں کا فوری دب جانا کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ بھی ہو سکتا ہے۔ چونکہ ہماری تاریخ گواہ ہے کہ امریکیوں نے پاکستان سے کبھی نہ سننا گوارا نہیں کیا۔ عمران خان جیسی جرات اظہار اور انکار پر لیاقت علی خان اور ذوالفقار علی بھٹو سے امریکیوں نے خوفناک انتقام لئے۔ ایشیا اور مشرق وسطی میں اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے امریکیوں نے کئی بار بے رحم کارروائیاں کیں۔ اس لئے امریکی صدر کی ”ٹویٹ زدہ“ دھمکی اور پھر پینٹاگان کا معذرت خواہا نہ رویہ امریکہ کی عیّاری اور مکّاری کا ہو سکتا ہے۔

یہ حقیقت اپنی جگہ پر ہے کہ پاکستان نے امریکہ کے لئے بے شمار قربانیاں بھی دیں لیکن ان سب کے باوجود پاکستان امریکہ کا کبھی بھی ”ہم پلہ“ دوست نہیں رہا ہے۔ پاکستان ایٹمی طاقت ضرور ہے لیکن امریکہ سے لڑ نہیں سکتا۔ پوری دنیا میں طاقت کے بدلتے ہوئے توازن کے باعث پاکستان امریکیوں سے ٹویٹ کی حد تک آنکھیں دکھا سکتا ہے لیکن امریکہ سے جنگ نہ لڑ سکتا ہے اور نہ ہی جنگ شروع کر سکتا ہے البتہ امریکہ پر کوئی آفت آن پڑے تو اس دوران پاکستان اپنی سابقہ ”کسریں“ بھی نکال سکتا ہے۔

امریکی صدر کے ”ٹویٹری حملے“ کو عمران خان نے جوابی ٹویٹری حملے کے ذریعے ناکام بنا کر پاکستان میں اپنے حامیوں کی تعداد میں اچھا خاصا اضافہ کیا ہے۔ لیکن امریکیوں کی عیّاری کو دیکھتے ہوئے اب عمران خان کو زیادہ محتاط رہنا ہوگا۔ اسی طرح عمران خان نے بھارت کے ساتھ بھی کرتاپور بارڈر کھولنے کا معاہدہ کر کے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں بھارتی سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو ایسی محبت کی ”جپھی“ ڈالی کہ پورا بھارت دنگ رہ گیا۔ نوجوت سنگھ سدھو نے بھارت میں وزیراعظم عمران خان کی کرتاپور ہ بارڈر کھولنے پر آمادگی کو اس قدر طاقت سے پیش کیا کہ بھارت کے شدت پسند لوگ بھی دفاع کرنے پر مجبور ہو گئے۔

کرتاپورہ بارڈر کھولنے کی پاکستانی تجویز نے سکھوں کی محبتوں کا جھکاؤ پاکستان کی طرف کر دیا تھا اور بھارت کے حکمران یہ محسوس کرنے لگے تھے کے خالصتان کی تحریک پھر سے زندہ نہ ہو جائے؟ اس لئے بھارت نے بھی سکھ برادری کو رام کرنے کے لئے کرتارپورہ بارڈر کھولنے پر آمادگی کر دی ہے جو کہ پاکستان حکومت کی بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے۔

لیکن ماضی گواہ ہے کہ بھارت کے اس قسم کے فیصلے بھی وقتی دباؤ سے بچنے کے لئے ہوتے ہیں جبکہ اندرون خانہ وہ پاکستان کی جڑیں کاٹنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا۔ لہذا امریکیوں کا پسپا ہونا اور بھارت کا کرتاپورہ بارڈر کھول دینا وقتی ضرورت کے مطابق ہو سکتے ہیں۔ پاکستان کو ان دونوں سے آنکھیں بند نہیں کرنا چاہئیں اور اپنے ہرطرح کے دفاع کے لئے ہروقت تیار رہنا چاہیے کیونکہ مکّار دشمن کی اچانک پسپائی کے بعد ہوش کی ضرورت اور بڑھ جاتی ہے۔

شمشاد مانگٹ
Latest posts by شمشاد مانگٹ (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

شمشاد مانگٹ

شمشاد مانگٹ گذشہ 25برس سے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ساتھ منسلک ہیں۔اس وقت بطور گروپ ایڈیٹر روزنامہ جناح اور آن لائن نیوز ایجنسی کے ساتھ کام کر رہے ہیں

shamshad-mangat has 105 posts and counting.See all posts by shamshad-mangat