تحریک لبیک یارسول اللہ نے مولوی خادم رضوی کے گروپ سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا


تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے تحریک لبیک پاکستان اور علامہ خادم حسین رضوی کے ساتھ اظہار لاتعلقی کر دیا۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ آج کے احتجاج کی کال ان کے گروپ کی جانب سے نہیں دی گئی اور نہ ہی ان کا جلاﺅ گھیراﺅ سے کوئی تعلق ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان کا اپنا طریقہ کار ہے اور ہمارا اپنا طریقہ کار ہے۔ لیاقت باغ کی جو کال دی گئی ہے وہ تحریک لبیک پاکستان کی طرف سے دی گئی ہے اور تحریک لبیک یا رسول اللہ اور تحریک لبیک اسلام کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا کہ لیاقت باغ کے جلسے کی کال اس گروپ کی ہے جس گروپ کے بارے میں میڈیا پر بتایا جارہا ہے کہ انہوں نے پاک فوج کے بارے میں نامناسب بیانات دیے۔ جلاﺅ گھیراﺅ کے الزامات بھی ان پر لگائے گئے۔ ہمارا نہ توڑ پھوڑ اور جلاﺅ گھیراﺅ سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی حالیہ کال کے ساتھ کوئی تعلق ہے۔

خیال رہے کہ تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے آج (25 نومبر کو) راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے کی کال دی گئی تھی۔ جس کے بعد حکومت نے جماعت کی مرکزی قیادت اور کارکنوں پر کریک ڈاﺅن کیا جس میں مرکزی قیادت سمیت سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ یہاں یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ تحریک لبیک اس وقت تین دھڑوں میں تقسیم ہے ۔ سب سے بڑے دھڑے کی قیادت علامہ خادم حسین رضوی کر رہے ہیں جو اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں نظر بند ہیں۔ تحریک لبیک یارسول اللہ اور تحریک لبیک اسلام مل کر کام کر رہے ہیں اور ان کے روح رواں ڈاکٹر اشرف آصف جلالی ہیں۔

تحریک لبیک کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد اس سے لاتعلقی کے اعلانات

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).