’سوچ سمجھ کر بات کرو اور اپنی حد میں رہو!‘


کرکٹ

پاکستان کے نوجوان بیٹسمین بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری مکمل کر لی جس کے بعد سے سوشل میڈیا پر ان کا نام ٹرینڈ ہونے لگا اور شائقین کرکٹ نے انھیں ٹوئٹر پر مبارک باد دی۔

لیکن جب نجی ٹی وی سے منسلک سپورٹس صحافی زینب عباس نے بابر اعظم کی سنچری پر انھیں مبارکباد کی ٹویٹ کی تو وہ غالباً بابر کو پسند نہ آئی اور انھوں نے زینب عباس کو سخت جواب دیا۔

https://twitter.com/ZAbbasOfficial/status/1066651936735354880

زینب عباس نے اپنی ٹویٹ میں بابر کو سنچری بنانے پر شاباشی دی اور اس پر لکھا کہ ‘مجھے بڑا اچھا لگا جب باقی کھلاڑی مکی آرتھر (کوچ) کو ان کے ‘بیٹے’ کی سنچری پر مبارک باد دینے لگے۔’

اس پر بابر اعظم نے جواباً لکھا: ‘سوچ سمجھ کر بات کرو اور اپنی حد میں رہو!’۔

https://twitter.com/babarazam258/status/1066728248028135427

بس پھر کیا تھا، بابر اعظم کی اس ٹویٹ کے بعد جو شائقین کرکٹ بابر کی سنچری پر انھیں داد دے رہے تھے وہ بھی زینب عباس اور بابر کے درمیان ہونے والی ٹویٹس پر تبصرہ کرنا شروع ہو گئے۔

اویس صدیقی نے اس پر پوچھا کہ ‘بابر اعظم، اتنا سنجیدہ کیوں ہو گئے بھائی’

ایک اور صارف حمزہ خان نے اس نوک جھونک پر مزے لیتے ہوئے کہا کہ ‘بہت شکریہ بابر اعظم، آپ کی وجہ سے میرا بہت بور گزرنے والا اتوار کا دن اچھا ہو گیا۔’

https://twitter.com/Off_Spoken/status/1066746045202337797

صارف نوید ندیم نے اس پورے سلسلے کے پس منظر کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ گذشتہ دو سالوں سے جب بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی تھی تو لوگ انھیں کوچ مکی آرتھر کا لاڈلا کہتے تھے لیکن جب آج زینب عباس نے وہی بات دہرائی تو بابر ناراض ہو گئے۔

https://twitter.com/naveednadeem91/status/1066765180976152577

واضح رہے کہ ایک روزہ کرکٹ میں آٹھ سنچریاں کرنے والے اورٹی ٹوئنٹی میں عالمی نمبر ایک بیٹسمین بابر اعظم کی اب تک کی ٹیسٹ کرکٹ میں کارکردگی اتنی خاطر خواہ نہیں رہی ہے لیکن سال 2018 میں انھیں نے واضح بہتری لائی ہے۔

گذشتہ سال تک بابر اعظم کی بیٹنگ اوسط ٹیسٹ کرکٹ میں صرف 24 رنز تھی لیکن اس سال کھیلے گئے چھ میچوں میں انھوں نے چار نصف سنچریاں بنائیں جن میں سے آسٹریلیا کے خلاف 99 رنز شامل ہیں اور پھر رواں میچ میں انھوں نے اپنی پہلی سنچری بھی سکور کر لی۔ اس سال کھیلے گئے میچوں میں اب تک ان کی اوسط 60 رنز سے اوپر ہے۔

https://twitter.com/MazherArshad/status/1066692310052802560

لیکن چند پاکستانی کرکٹ شائقین نے بابر کے رد عمل پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ صارف فصیح الدین نے ٹیم انتظامیہ کے کردار پر سوال اٹھایا اور پوچھا کہ وہ کہاں ہیں اور کوئی کھلاڑی ایک ٹیسٹ میچ کے دوران سوشل میڈیا کیسے استعمال کر سکتا ہے۔

https://twitter.com/Fasih_Uddin/status/1066767660074106880

ایک اور صارف میف نے بابر کی اس ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے دکھا دیا کہ خواتین بھلے سے کتنے ہی ترقی کر لیں، مرد ان کو سنجیدہ نہیں لیں گے اور نہ عزت کریں گے نہ ان کو سمجھنے کی کوشش کریں گے۔

https://twitter.com/UnitedsFreak/status/1066777780422172672

صارف عاشر جاوید نے معاملہ تھوڑا رفع دفعہ کرانے کی کوشش کی اور لکھا کہ یہ واضح ہے کہ بابر اعظم نے زینب عباس کی ٹویٹ کو غلط سمجھا لیکن کئی لوگ ہیں جو اس قسم کی بات پر ناراض ہو جاتے ہیں۔

https://twitter.com/AsharJawad/status/1066742061150420993

کرکٹ


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32508 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp